کراچی بلدیاتی انتخابات سے پی پی پی ،پی ٹی آئی، ایم کیو ایم کا فرار بڑا المیہ ہے، لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز) نائب امیر جماعتِ اسلامی پاکستان، صدر مجلسِ قائمہ سیاسی، قومی امور لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی بلدیاتی انتخابات سے سندھ حکومت، پی پی پی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا مشترکہ فرار بڑا المیہ ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی کے عوام کے ساتھ ظلم کرتے ہوئے تیسری بار انتخابی التوا کا اعلان کیا ہے۔

بلوچستان گوادر، تربت اور کراچی کے سہ روزہ دورے میں عوامی اجتماعات، حق دو تحریک کے قائدین، کونسلرز کے عشائیہ اور کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے جائزہ نشستوں میں خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ کراچی میں عوامی رائے مستحکم اور مقبول ہوگئی ہے کہ کراچی کے بحرانوں، عوامی مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کی جیت ضروری ہے۔ اِسی لیے تینوں پارٹیاں فرار کا راستہ اختیار کررہی ہیں۔ بکرے کی مائیں کب تک مفرور رہیں گی۔ کراچی کے عوام کے بلدیاتی حق کے حصول کے لیے جماعتِ اسلامی جدوجہد جاری رکھے گی اور عوام کی حمایت سے کامیاب ہوگی،

انشا اللہ!لیاقت بلوچ نے حق دو تحریک کے مرکزی دفتر میں قائد مولانا ہدایت الرحمن اور سینیئر رہنما حسین داڈیلہ کی جانب سے استقبالیہ اور عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حق دو تحریک نے بلوچستان کے عوام کو اسٹیبلشمنٹ، ریاستی اداروں کے منہ زور اندھے رویوں اور بلوچستان کے مفادپرست سیاسی ٹولوں کے مقابلہ میں عوامی حقوق کی بازیابی کے لیے بے مثال، قابلِ تقلید کامیاب تحریک چلائی ہے۔ بلوچستان حکومت بلدیاتی انتخابات کے مراحل مکمل کرے اور عوام کو شہری حقوق واپس دے۔ بلوچستان خصوصا گوادر، تربت، پنجگور میں لاپتہ افراد کا مسئلہ بہت ہی گھمبیر ہوچکا ہے۔ ریاست کے خلاف شدت، نفرت اور مایوسی کا ذریعہ بن گیا ہے۔ بارڈر ٹریڈ اور سمندر میں فشنگ ٹرالر عوامی روزگار کے لیے بڑی مصیبت بنادی گئی ہے۔ حق دو تحریک کے ساتھ حکومت اپنے معاہدے پر عمل کرے۔

جماعتِ اسلامی حق دو تحریک کے 27 اکتوبر سے دوسرے دھرنے کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت کے ساتھ افراجِ پاکستان اور ریاستی سول ادارے حقائق اور عوامی رجحان کے سامنے ناجائز رکاوٹیں کھڑی نہ کریں۔ احساس کریں کہ عوام مایوس اور بڑے انقلابی اقدامات کے لیے تیار ہیں۔ مکران ڈویژن پاک-چائنہ اقتصادی راہداری کے لیے جوہری کردار رکھتا ہے۔ حکمت و دانش کے ساتھ ضِد، بالادستی کے نشے کو ترک کرکے عوام کے حقیقی مسائل حل کیے جائیں۔