سکھر(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی بلدیاتی انتخابات ملتوی کراکر شکست سے بچنا چاہتی ہے الیکشن کمیشن کے فیصلے پرافسوس ہے۔ الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ صوبائی حکومت کے دباؤ میں آکر کیا جس کی مذمت کرتا ہوں۔ ملک کے ادارے اس وقت پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے پاس یرغمال ہیں ۔جب ضمنی انتخابات کرانے کے وقت سیکیورٹی کا مسئلہ نہیں ہوتا تو بلدیاتی انتخابات کے وقت کیوں ہوتا ہے ؟
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے مل کر اس ملک کو تباہ کیا ہے۔ ان کی حکومتیں بھی ہیں اور تمام مافیاز بھی ان کے ہیں ۔جہاں عدالتیں آزاد نہیں ہوتیں وہاں انصاف بھی نہیں ملتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق سندھ کے تین روزہ دورے پر سکھر پہنچے ہیں۔ جہاں پر وہ 19 اور 20 اکتوبر کو جیکب آباد، سکھر، شکارپور،لاڑکانہ، میہڑ۔دادو اور کندھکوٹ میں حکومت سندھ کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد میں تاخیر و کرپشن کے خلاف منعقدہ احتجاجی دھرنوں،جلسوں سے خطاب کریں گے۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن کے نتائج کا عام انتخابات پر اثر نہیں پڑے گا ۔ضمنی انتخابات دراصل وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مقابلہ تھا جس میں کہیں وفاقی حکومت جیتی تو کہیں صوبائی حکومت کامیاب ہوئی۔ ان کا کہنا تھاکہ ٹرانس جینڈر بل کے ذریعے ملک میں عریانی اور فحاشی کا راستہ کھولنے نہیں دیں گے۔، ٹرانس جینڈرز کو ان کے حقوق دینے کی مخالفت نہیں کرتے۔ ان کو حقوق ملنے چاہئے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی نصف سے زائد آبادی سیلاب سے متاثرہے سیلاب کو گذرے اتنا عرصہ گذر گیا مگر حکومت سیان کی بحالی کا پلان تک نہیں بن رہا ہے حکومت نے بیرونی ممالک سے فنڈز جمع کیے۔ہیں لیکن وہ کیسے استعمال ہونگے۔
اس پر عالمی اداروں کو بھی شکوک و شہبات ہیں تمام صوبائی حکومتیں بحالی کے کاموں میں ناکام ہوچکی ہیں ان کاکہنا تھا کہ عوام آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی پر اعتماد کریں کیونکہ یہ ملک کی واحد کرپشن فری جماعت ہے جس نے سیلابی ریلوں میں بھی لوگوں کی خدمت کی ہے اور اس وقت بھی کررہی ہے ان کا کہنا تھا کہ اگر آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر عمل کیا جائے تو پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کے اکثر ممبران اسمبلی جیلوں میں ہونگے۔ اس موقع پر صوبائی نائب امیر پروفیسر نظام الدین میمن، علامہ حزب اللہ جکھرو، امیر ضلع سلطان لاشاری اور مقامی امیر زبیر حفیظ شیخ بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔