اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے یقین دلایا ہے کہ اس موسم سرما میں گیس کی دستیابی پچھلے سال کے مقابلے بہتر رہے گی،دو اضافی ایل این جی کارگوز کا انتظام کیا ہے،وزیراعظم نے مزیدکارگوز کا بندوبست کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کے روز اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت مصدق ملک نے کہا کہ حکومت گیس کی دستیابی سلسلے میں ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ ہم نے جنوری اور فروری کے مہینوں کے لیے دو اضافی ایل این جی کارگوز کا انتظام کیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے مزید ایل این جی کارگوز کا بندوبست کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے توانائی کے حوالے سے جامع پلان مرتب کرنے کا کہا ہے اور جلد ہی اس حوالے سے وزیر اعظم اعلان بھی کرینگے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ، سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ، پارکو اور پی ایس او کو بھی گیس کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایل پی جی کی خریداری کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس این جی پی ایل اس سال پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ایل پی جی سلنڈر فروخت کرے گا جبکہ ایس ایس جی سی بیس ہزار ٹن اضافی ایل پی جی خریدے گا۔ مصدق ملک نے عوام سے کہا کہ وہ گیس کے ضیاع سے بچنے کے لیے گیس کے موثر آلات استعمال کریں۔