جوہری اثاثوں کی حفاظت بارے پاکستان کے عزم اور صلاحیت پراعتماد ہے، امریکہ


واشنگٹن(صباح نیوز)امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کے جوہری اثاثوں کی سیکورٹی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کی سکیورٹی سے مطمئن ہیں، ہم پاک امریکہ تعلقات کو اہم سمجھتے ہیں اور پاکستان کے ساتھ گہرے طور پر وابستہ ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدنت پٹیل نے نیوز بریفنگ کے دوران مزید کہا ہے کہ جوہری اثاثوں کی حفاظت کے حوالے سے پاکستان کے عزم اور صلاحیت پر امریکہ کو اعتماد ہے، پاکستان عالمی برادری سے اپنے معاہدے پورے کررہا ہے، امریکا ہمیشہ ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان کو اپنے مفادات کے لیے اہم سمجھتا ہے، دونوں ملکوں کے مابین ایک مضبوط شراکت داری پائی جاتی ہے اور امریکا پاکستان کے ساتھ طویل مدتی تعاون کی قدر کرتا ہے۔

ویدنت پٹیل نے بریفنگ میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے جوہری ہتھیاروں کی بھرپور حفاظت کرسکتا ہے۔امریکا کی جانب سے پاکستان کے جوہری اثاثوں کی سیکورٹی پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔

ترجمان محکمہ خارجہ نے حالیہ دنوں میں دونوں اطراف سے اعلی سطح دوروں جن میں پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ امریکہ اور امریکی قونصلر ڈیرک شولے اور یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور کا دورہ پاکستان شامل ہیں کا ذکر کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر نے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کے غیر محفوظ ہونے کا بیان دیا تھا جس پر پاکستان نے امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے ڈی مارش دیا تھا، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرخارجہ نے بھی شدید ردعمل ظاہر کیا تھا۔