عوام نے سب کو پیغام دے دیا کہ وہ کہاں کھڑے ہیں، شاہ محمود قریشی


ملتان (صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے این اے 157 کے ضمنی انتخاب میں اپنی بیٹی کی شکست کے بعد اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کیا اور عمران خان کو ضمنی انتخابات میں واضح کامیابی پر مبارکباد پیش کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے سب کو پیغام دے دیا ہے کہ وہ کہاں کھڑے ہیں۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے ان میں سے ایک ملتان کی این اے 157 بھی تھی جو کہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے کے استعفے کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔

این اے 157 کے ضمنی انتخاب میں شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہربانو قریشی کے مدمقابل علی موسی گیلانی تھے۔ علی موسی گیلانی نے مہر بانو قریشی کو 25ہزار 186 ووٹوں سے ہرایا ہے۔

ضمنی انتخاب میں ناکامی کے بعد اپنی ٹوئٹ میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملتان کے عظیم شہریوں کا تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے 13 جماعتی گٹھ جوڑ کے خلاف تحریک انصاف کا ساتھ دیا۔ مہربانو قریشی نے دلیری سے مقابلہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انشا اللہ ہم آنے والے عام انتخابات میں پہلے سے زیادہ محنت کرکے جیت تحریکِ انصاف کے نام کریں گے۔

اپنی ایک اور ٹوئٹ میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں عمران خان کو ضمنی انتخابات میں واضح کامیابی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔پاکستان کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے سب کو پیغام دے دیا ہے کہ وہ کہاں کھڑے ہیں۔ یہ جیت تحریکِ انصاف کی نہیں بلکہ 22 کروڑ پاکستانیوں کی ہے۔