فیصل آباد(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم عالمی اسٹیبلیشمنٹ کے مہرے ہیں یہ صرف انہی کے حکم کی پاسداری کرتے ہیں سابقہ اور موجودہ حکمران امریکی غلامی جبکہ عوام صرف اللہ کے سامنے جھکنے پر یقین رکھتے ہیں ۔ہمارا ملک اور عوام آزاد نہیں ہیں بلکہ حقیقی آزادی صرف اسلامی نظام میں ہے جماعت اسلامی اب واحد آپشن ہے جو ملک کو خو شحال اور ترقی یافتہ بنا سکتی ہے۔ ایٹمی پاکستان ہی ملک کی آزادی و سا لمیت کا محافظ ہے، امریکی صدر کی طرف سے پاکستان کے محفوظ ایٹمی پروگرام کوغیر محفوظ قراردیناقابل مذمت ہے،حکومت امریکہ کے معافی مانگنے تک امریکی سفیرکوملک بدرکرنے کا اعلان کرے۔ چیف آف آرمی سٹاف،وزیراعظم پاکستان اور وزیرخارجہ کے دورہ امریکہ کے باوجودامریکی صدر کا بیان ناقابل فہم ہے۔حکمرانوں کی نا اہلی اور آئی ایم ایف کی غلامی کا نتیجہ ہے کہ آج 22کروڑعوام پریشان ہیں جس میں سب سے زیادہ مایوسی یوتھ میں ہے۔ جماعت اسلامی 30 اکتوبرکو ملک بھرسے نوجوانوں کو مینارپاکستان پر اکٹھا کررہی ہے جہاں ہم انہیں آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کو منظم کرکے اسلامی انقلاب برپا کرے گی اور یقینی طور پر ملک کے مسائل کا حل نظام مصطفیٰۖ میں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ فیصل آباد کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر محمد ابراہیم ،وسطی پنجاب کے امیرجاویدقصوری،ضلعی امیر پروفیسرمحبوب الزماں بٹ،انجینئرعظیم رندھاوا،راؤسکندراعظم اور دیگر مقامی قیادت بھی موجود تھی۔سراج الحق نے کہا کہ ملک کا بچہ بچہ کہہ رہاہے کہ ملک کی معاشی و سیاسی صورتحال کو کنٹرول کرنا اسٹیبلیشمنٹ،پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے بس کی بات نہیں،جس کلمہ کی بنیا دپر پاکستان بنایاگیا اسے ایک دن کے لئے بھی ملک میں نافذنہیں ہونے دیا گیا۔ملک انہی قوتوں کے ہاتھوں 75سال سے” سٹیٹس کو “پر چل رہا ہے۔جس نظریہ پرعوام نے قربانیاں دیں،ظالم اور کرپٹ سیاست دانوں نے اس نظریہ کو حکومت کا حصہ نہیں بننے دیاجس کے نتیجہ میں پاکستان دولخت ہوامگر اس کے پچاس سال بعد بھی مقتدرقوتوں نے اس نظریہ کو حکومت کا حصہ نہیں بننے دیا،حکومتیں تبدیل ہوتی رہیں لیکن بدقسمتی سے نظام تبدیل نہیں ہوسکا۔اسی کا نتیجہ ہے کہ ملکی معیشت تباہ اور پاکستان عالمی سطح پر تنہا ہو گیا ہے اور ہم آئی ایم ایف کی خیرات پرملکی نظام چلانے پر مجبور ہیں۔
امیر جماعت نے کہا کہ عالمی اسٹیبلیشمنٹ کے فیصلوں کے مطابق امریکہ پاکستان میں حکومت بھی اور اپوزیشن بھی اپنی مرضی سے لاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی نہیں افراد اور خاندانوں کی حکمرانی قائم ہے۔ مافیاز، جاگیرداروں وڈیروں نے قوم کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ ملک کا نوجوان حالات سے پریشان اور مایوس ہو چکا ہے۔ ذہین نوجوان یا تو ملک سے بھاگ رہے ہیں یا ڈپریشن کا شکار ہو کر نشہ کے عادی بن چکے ہیں۔ پی ٹی آئی نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرکے الٹا صاحب روزگار افراد کو بھی بے روزگار کردیا۔ نوجوانوں کے لیے تعلیم مہنگی اور صحت مندانہ سرگرمیوں کی عدم دستیابی ہے۔ موجودہ اور سابقہ حکومتیں یوتھ کی بہتری کا کوئی پلان مرتب نہیں کرسکیں۔جماعت اسلامی آنے والے انتخابات میں بڑی تعداد میں نوجوان امیدواروں کو موقع دیں گی۔یوتھ کے لیے جماعت اسلامی کے دروازے کھلیں ہیں وہ مایوس ہونے کی بجائے نا اہل حکمرانوں کے خلاف جدو جہد کا آغاز کریں۔