نواز شریف کا آصف زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ، جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار


لندن/کراچی(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے تاحیات قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف نے آصف زرداری کی خیریت دریافت کی اور ان کے ہسپتال سے گھر منتقل ہونے پر نیک خواہشات کااظہار کیا ۔ دونوں رہنمائوں نے ملک کی موجودہ معاشی او رسیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کل (اتوار)کے روز کراچی اور ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات پر مشاورت بھی کی۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ممکنہ لانگ مارچ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ آصف علی زرداری نے مریم نواز شریف، وزیر اعظم میاں محمد شہبا زشریف اور حمزہ شہباز شریف کی بریت پر نواز شریف کو مبارکباد بھی دی۔