راولپنڈی ،سیوریج کے پانی میں پولیو کے نمونوں کی تصدیق


راولپنڈی(صباح نیوز)محکمہ صحت نے راولپنڈی کے علاقوں صفدر آباد اور ڈھوک دلال میں سیوریج کے پانی میں پولیو کے نمونوں کی تصدیق کردی ہے۔

پاکستان اور افغانستان کے علاوہ پوری دنیا سے پولیو وائرس کا خاتمہ ہوچکا، 27جنوری2022 تک پاکستان میں بھی پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہ ہونے کا سال مکمل ہوا تو امید کی ایک کرن پھوٹی تھی، لیکن پھر خیبر پختونخوا سے پولیو کیسز شروع ہوئے جن کی تعداد 20ہو چکی ہے۔

خیبرپختو نخوا کے بعد اب راولپنڈی میں بھی خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے، اور محکمہ صحت نے صفدر آباد اور ڈھوک دلال میں سیوریج کے پانی میں پولیو کے نمونوں کی تصدیق کردی ہے۔

ای ڈی او ہیلتھ راولپنڈی حسان غنی نے بتایا کہ جولائی اور اگست کے ہمارے سیمپل مثبت آئے ہیں، ضلع میں بہت سی ایسی جگہوں سے بچے آرہے ہیں جہاں پولیو وائرس پایا جاتا ہے۔

احسان غنی نے کہا کہ خطرناک وائرس راولپنڈی کے ماحول میں پہنچ چکا ہے، اور اب اس سے بچوں کو محفوظ بنانے کیلئے صرف پولیو ویکسین ہی حل ہے۔

ای ڈی او ہیلتھ نے کہا کہ پیدائش سے لے کر 5 سال کے 9لاکھ بچوں کے قریب ان کو ویکسنیٹ کیا جائے گا،یہ ایک طریقہ کار ہے جس سے ہم اس وائرس کی سرکولیشن کو روک سکتے ہیں۔