آستانہ(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آستانہ، قازقستان میں CICA سربراہی اجلاس کے موقع پر صدر قاسم ژومارت توکایئف سے ملاقات کی۔دونوں رہنماوں نے تجارت، باہمی روابط اور توانائی سمیت دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون پر پیشرفت کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے ستمبر 2022 میں سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر قازق صدر کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکر کیا جس میں کثیر جہتی تعاون کو مزید تقویت دینے کی رفتار کا تعین کیاگیا تھا،دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تجارت کو متنوع بنانے اور سرمایہ کاری میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے توانائی، زراعت، ٹیکنالوجی، لاجسٹکس، مواصلات اور تعمیرات کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کاروباری روابط، عوام سے عوام کے رابطوں اور سیاحت کو بڑھانے کے لیے براہ راست فضائی رابطے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) قازقستان کے سرمایہ کاروں کے لیے کھلے ہیں۔ انہوں نے قازقستان کو اپنی تجارت کو وسعت دینے کے لیے گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں سے فائدہ اٹھانے کی دعوت بھی دی۔وزیر اعظم ایشیا میں بات چیت اور اعتماد سازی کے اقدامات سے متعلق کانفرنس (CICA) سمٹ میں شرکت کے لیے قازقستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ قازقستان چھٹے CICA سربراہی اجلاس کا چیئر اور میزبان ہے۔