کراچی( صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہاکہ سندھ حکومت نے عوام کو بھکاری بنادیا ہے، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، یوٹلیٹی اسٹورز سے سستی اشیاء کی خریداری سے بھی عوام کو محروم کردیا گیا ہے،حکومت کی جانب سے 65روپے فی کلو آٹے کی فراہمی فراڈ اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے،سستے آٹے کی فراہمی کے طریقہ کار کو جیالوں کو نوازنے کا آسان نسخہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں نیشنل کنزیومر موومنٹ کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نیشنل کنزیومر موومنٹ کے جنرل سیکریٹری شہزاد مظہر،نائب صدر ارشد شیخ سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
محمد حسین محنتی نے مہنگائی کے بے قابو جن پر کنٹرول میں ناکامی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عام مارکیٹ میں آٹے کی قیمت 120روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جو عام آدمی کی پہنچ سے دور ہے،سندھ حکومت نے اپنے جیالوں کو نوازنے کیلئے ٹرکوں میں آٹا 65روپے فی کلو بیچنے کا جو طریقہ اپنایا ہے یہ کرپشن کو فروغ دینے کے سوا کچھ بھی نہیں ہے،یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باجود لوگ معمولی ریلیف کیلئے بھی لائنوں میں کھڑے ہوکر خریداری کرنے پر مجبور ہیں، حکومتی ظالمانہ اقدامات کی وجہ سے عوام کا ریاست سے اعتماد ختم ہورہا ہے ،سیلاب زدگان کی امداد میں ناکامی اور کرپشن کی وجہ سے عوام الخدمت سمیت دیگر رفاحی اداروں سے اپنی امیدیں وابستہ کررہے ہیں۔
نیشنل کنزیومر مووومنٹ کے جنرل سیکریٹری شہزاد مظہر نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے ۔آٹے،دالوں ،چاول،دودھ سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کرکے وافر مقدار میں یوٹیلٹی اسٹورز سمیت مارکیٹ میں فراہم کی جائیں تاکہ عوام باآسانی اور سستی اشیاء کی خریداری کرسکیں،قیمتوں میں استحکام کیلئے حکومتی ادارے اور اسٹنٹ کمشنر اور کمشنر سے روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے اس مقصد کیلئے نیشنل کنزیومر موومنٹ کے رضاکاروں کو بھی مدد کیلئے استعمال کیا جائے۔