کراچی/سکھر( صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہاکہ قیام پاکستان میں سندھ اور جی ایم سید کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ آج سندھ کے عوام مشکل ترین دور سے گزر ہے ہیں۔ حکومت ہوش کے ناخن لے، سیلاب متاثرین کو خیرات نہیں ان کو اپنا حق دیا جائے۔ جماعت اسلامی سیلاب زدگان کو کو تنہا نہیں چھوڑے کی آخری متاثر کی بحالی تک خدمت اور ان کو اپنا حق دلانے کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔ سراج الحق 19 اور 20 اکتوبر کو جیکب آباد ، میہڑ، لاڑکانہ، شکارپور ،کندھ کوٹ اور سکھر میں الخدمت کے تحت قائم خیمہ بستیوں کا دورہ، عوامی و معززین کے اجتماعات سے خطاب کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل صالح پٹ کے مقام صوبھو مہر میں سیلاب متاثرین کے لیے قائم الخدمت خیمہ بستی کا دورہ ، میڈیا سے بات چیت اور ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا حزب اللہ جکھرو، ضلع سکھر کے امیر ایڈووکیٹ سلطان لاشاری اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت مقامی ذمے داران بھی ساتھ موجود تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے تھر کوئلے کا دورہ کیا،عوام کو خوشحالی کی نوید سنائی لیکن ہمیں یہ بھی بتایا جائے کہ آخر وہ خوشحالی کب آئے گی جس سے مہنگائی کا خاتمہ، عوام کو مسائل سے نجات مل سکے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی وفاق،سندھ اور پنجاب میں کئی بار حکومت آئی ہے لیکن عوام کو ”روٹی،کپڑا اور مکان’ تو دور کی بات انہیں دووقت کی روٹی بھی عزت کے ساتھ میسر نہیں ہے، آج سندھ کے عوام کی جو حالت زار ہے وہ بیان کرنے سے قاصر ہوں، ایک طرف پاکستان ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے غیر معمولی بارشوں کے نتیجے میں سیلاب کا سامنا کررہا ہے تو دوسری جانب حکمران اور مخالف جماعت ایک دوسرے کے ساتھ دست وگریباں ہیں ان کی لڑائی میں عوام رل گئے ہیں سندھ کے حکمرانوں کی کرپشن نااہلی اور اقرباپروری کی وجہ سے سیلاب زدگان بہت بڑی مصیبت کا شکار لیکن ان کی دادرسی کرنے والا کوئی بھی نہیں ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت اپنے محدود وسائل کے بل بوتے پر متاثرین کی بحالی اور امدادی کاموں میں دن رات مصروف ہیں لیکن یہ کام حکومتوں کے کرنے کا ہے جو اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ جماعت اسلامی اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کو اس مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی اور آخری متاثر کی مکمل بحالی تک ہم اپنا مشن جاری رکھیں گے۔
انہوں نے جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ خیما بستیوں میں موجود سیلاب متاثرین کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور بڑوں کو نماز،چھوٹوں کو بنیادی تعلیم دینے کیلئے بھی مناسب اقدامات کئے جائیں تاکہ ان کی دنیا کے ساتھ آخرت بھی سنور جائے اس میں ہماری کامیابی ہے۔