لاہور (صباح نیوز)وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اجلاس منعقدہوا،جس میں سیکرٹری صحت پنجاب عمران سکندربلوچ،سپیشل سیکرٹریز ڈاکٹرفرخ نوید،محمد عثمان اور صالحہ سعید،ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر،ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹرحافظ شاہدلطیف،عالمی ادارہ صحت کے صوبائی چیف ڈاکٹرجمشیداحمد ودیگرافسران نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے اجلاس کے دوران سی ڈی سی ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے کے حوالہ سے مختلف تجاویز اور پرپوزلزکاجائزہ لیا۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر اور متعلقہ دیگرافسران نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب میں سی ڈی سی ڈائریکٹوریٹ کی پرپوزل انتہائی خوش آئندہے۔محکمہ سپیشلائز ہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن،محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیراور پنجاب ایمرجنسی سروسز سی ڈی سی ڈائریکٹوریٹ کے سٹیک ہولڈرزہوں گے۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ پنجاب میں سی ڈی سی ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے ہم وبائی بیماریوں پر قابوپانے کے قابل ہوں گے۔عالمی ادارہ صحت سی ڈی سی ڈائریکٹوریٹ کے حوالہ سے اپنی تیکنیکی خدمات فراہم کرے گا۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ پنجاب میں ون ہیلتھ کے منصوبہ کو کامیاب بنائیں گے۔پنجاب میں سی ڈی سی ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے کے حوالہ سے پرپوزل وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویزالہی کوپیش کی جائے گی۔
صوبائی سیکرٹری صحت عمران سکندربلوچ نے کہاکہ پنجاب میں ون ہیلتھ کی کامیابی کیلئے صحت کے دونوں محکمہ جات مل کرکام کریں گے۔پنجاب کے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈاکٹررضوان نصیر نے کہاکہ پنجاب میں سی ڈی سی ڈائریکٹوریٹ کے قیام کے بعد وبائی بیماریوں کی روک تھام کیلئے ریسرچ سنٹربنایاجائے گا۔سی ڈی سی ڈائریکٹوریٹ کیلئے پنجاب ایمرجنسی سروسز محکمہ صحت کی مکمل معاونت کرے گا۔