الخدمت فاؤنڈیشن شمالی پنجا ب نے جعفرآباد میں ایک ہزارخاندانوں کوفوڈپیکج فراہم کردیا،رضوان احمد


راولپنڈی(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن شمالی پنجا ب نے بلوچستان کے ضلع جعفرآباد میں سیلاب سے متاثرہ ایک ہزارخاندانوں کوفوڈپیکج،بستر،مچھردانیوں سمیت دیگرامدادی سامان فراہم کیا،

صوبائی صدرشمالی پنجاب رضوان احمدکی قیادت میں بلوچستان کا 5روز ہ دورہ کرنے والے امدادی قافلے میں تنظیمی ذمہ داران کے علاوہ برطانوی فلاحی تنظیم کے عہدیداربھی شامل تھے جنھوں نے متاثرین سیلاب کوامدادی سامان فراہم کیا۔تحصیل جھٹ پٹ میں 100خیموں پرمشتمل بستی بھی قائم کی گئی جہاں متاثرہ خاندانوں کوفوڈ پیکج کے علاوہ نقدرقوم فراہم کی گئیں۔

بلوچستان کے دورے سے واپسی پر گفتگو کرتے ہوئے رضوان احمدنے کہاکہ ہم نے پنجاب کے عوام کی جانب سے بلوچ عوام کومحبت کا پیغام دیا،اپنے متاثرہ بھائیوں کی بحالی تک مددجاری رکھیں گے۔ ڈسٹرکٹ ریلیف کوآرڈینیٹرالخدمت عبدالمجید بادینی نے کہاکہ تحصیل جھٹ پٹ میں اب تک11ہزار500خاندانوں تک خشک راشن پہنچاچکے ہیں جوپنجاب سمیت دیگرعلاقوں کے ڈونرزکے تعاون کے باعث ممکن ہوا۔