اضطراب کی لہریں کو اونچے ایوانوں تک پہنچانے میں آپ کی مدد کی ضرورت ہے،صدر الخدمت فاؤنڈیشن عبد الشکور


لاہور(صباح نیوز)صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور نے میڈیا سے اظہار تشکر کیا ہے ۔صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے کہا کہ سیلاب کی جس بڑی آفت سے ملک نبرد آزما ہے، اس کی اطلاعات پہنچانے،احساس اجاگر کرنے، مصیبت زدگان کو حوصلہ دینے، رفاہی تنظیموں کو متعارف کروانے اور مخیر حضرات کو متحرک کرنے میں میڈیا کے لوگوں نے جو کردار ادا کیاہے اس پر میں اور پوری قوم آپ کی شکر گزار ہے۔ریسکیو کا مرحلہ ختم ہو چکا، ریلیف کے کام بھی چند ہفتوں میں سمیٹنا شروع ہو جائیں گے۔ اللہ کا شکر ہے اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک پاکستانیوں نے جس محبت، ایثار اور قربانی کا مظاہرہ کیا اس کے انمٹ آثار آپ کو ہر صوبے کی آفت زدہ بستیوں میں نظر آئیں گے۔اب بحالی کا مرحلہ شروع ہونے والا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت سمیت تمام ملکی رفاہی تنظیمیں اس کام میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گی۔ تاہم یہ کام اتنا بڑا ہے کہ تنہا رفاہی تنظیموں کے بس کا نہیں۔ لاکھوں برباد گھر تعمیر ہونا ہیں۔ لاکھوں چھوٹے، خالی ہاتھ کسانوں کو آئندہ فصل کے لئے بیج، کھاد، اور ادویات درکار ہیں۔ ہزاروں سکول، ہسپتال اور مدارس، مساجد دوبارہ قابلِ استعمال بنانے کی ضرورت ہے۔ سینکڑوں درجن سڑکیں، پل، الیکٹرک لائنز، ریلوے کی پٹریاں اور صاف پانی کی تنصیبات پہ بہت سرعت سے کام کی ضرورت ہے۔

صدر الخدمت نے کہا کہ مرکزی اور صوبائی حکومتوں نے ابھی تک بحالی کے منصوبوں پہ کسی کوکچھ نہیں بتایا۔ اندرون اور بیرون ملک سے ان حکومتوں کو کل کتنا سرمایہ میسر ہوا ہے؟ مرکزی اور صوبائی سطح پر اسکی تقسیم کیسے اور کب ہو گی؟ برباد گھروں اور کھیتوں کے غریب مالکان کو کیا، کب اور کیسے مدد پہنچے گی۔ مدد نہ پہنچے تو وہ کس کا اور کیسے دروازہ کھٹکھٹائیں گے؟۔آپ سب کو ان مظلوموں کی آواز بننا چاہئے، لکھنا چاہئے، بولنا چاہئے، اضطراب کی لہریں کو اونچے ایوانوں تک پہنچانے میں آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔بے بس، بے آواز اوربے سہارا لوگوں کی آواز۔آپ سب سے، ہم سب کو، بیشمار امیدیں وابستہ ہیں۔آپ اور ہم سب اللہ کی عدالت میں بھی آزمائے جا رہے ہیں۔ ان کے لئے  لکھیئے، بولیئے اور آگے پہنچائیے۔ اللہ آپ کے چہروں کو ہمیشہ روشن اور سرخرو رکھے۔