کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان کے اسلامی نظریاتی تشخص کو برقرار رکھنالازمی ہے سیکولر بے دین طبقات سودی قرض دینے والے مالیاتی ادارے پاکستان کے اسلامی تشخص واسلامی تعلیمات کیلئے خطرہ ہے ۔ عوامی نمائندگان کے لیے ایمان دار،دیانت دار اور راست گو ہوناضروری ہے، ہمارے ہاں اخلاقیات کو بلند کرنے کی بجائے معیارات کو کم کرنے کی ریت اپنائی جا رہی ہے۔ بدقسمتی سے عوامی نمائندگان بدعنوان اور ذاتی مفادات کیلئے کوشاں ہیں جس کی وجہ سے اجتماعی مسائل حل ہونے کے بجائے بڑھ رہے ہیں انصاف کے ادارے مراعات ،تنخواہوں میں سب سے آگے اور انصاف کی فراہمی میں دنیا بھر میں سب سے نیچے سست اور بدنام ہیں غریب کیلئے قانون جبکہ امیر سرمایہ دار اورعوامی نمائندے آزادہیں ۔
اپنے بیا ن میں انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم ،پی ٹی آئی فوجی حکومتیں،اسٹبلشمنٹ قوم کے مسائل کے ذمہ دارہیں عوام نے بار بارجن پراعتماد کیا انہوں نے قوم کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے پوری قوم کا معاشی استحصال کیا اور اب ایک سازش کے تحت ملک کی معاشرتی اقدار پر سیکولر لابیز کی جانب سے حملوں کی آلہ کار بنی ہوئی ہیں۔ ملک میں قانون سازی غیرملکی ایجنڈوں کے تحت ہوتی ہے اور تینوں بڑی جماعتیں استعمار کی وفاداری کرتی ہیں۔ ایف اے ٹی ایف قوانین کے ذریعے ملک کی معیشت کی مکمل باگ ڈور آئی ایم ایف کے حوالے کی گئی۔ ہمارے معاشی فیصلے امریکا میں آئی ایم ایف کے بند کمروں میں ہوتے ہیں جس سے قوم کو لاعلم رکھا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ معاشی نظام کو تباہ کرنے کے بعد ٹرانس جینڈر ایکٹ اور گھریلو تشدد قانون کے ذریعے ہمارے معاشرے کی اسلامی اقدار پر حملے کیے گئے اب آئین کی شق 62ون ایف میں تبدیلی کے لیے راہیں ہموار ہو رہی ہیں۔ واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ دین بیزار قوانین قوم کو قبول نہیں۔ آئین پاکستان ملک کی یکجہتی اور بقا کی ضمانت ، اس سے چھیڑ چھاڑ قوم کے اجتماعی شعور کے خلاف نہیں ہونی چاہیے