آڈیو لیکس کے بعد بیرونی سازش کا ڈرامہ دھڑام سے زمین پر گرا،خواجہ آصف


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کے کرپٹ ترین لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے گزشتہ انتخابات سے قبل کئی وعدے کئے۔

انہوں نے وزیر اعظم ہائوس کو یونیورسٹی بنانے کا وعدہ کیا، ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا جو معلوم نہیں کدھر گئے۔انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ہیں لیکن ہمیں پنجاب حکومت کا کوئی خوف نہیں،گرفتار کرنا ہے تو کرلے، ہم ضمانتوں کے لئے عدالت کے چکر نہیں لگائیں گے، آنے والے دنوں میں ان کو منہ چھپانیکی جگہ نہیں ملے گی۔ آڈیو لیکس کے بعد بیرونی سازش کا ڈرامہ دھڑام سے زمین پر گر گیا ہے اور جیب سے خط نکال کے لہرایا گیا لیکن جب خط کا پوچھا گیا پھر کہا گیا کہ پتہ نہیں وہ کہاں گیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کا دوغلاپن اور فراڈیوں والی حرکتیں کل کی آڈیو لیک نے ظاہر کر دی ہیں اور نہ جانیں مزید کتنی آڈیوز آنی ہیں۔ گرفتار کرنا ہے تو کر لیں میرے خلاف کیس کی گفتگو بھی سامنے آ گئی۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں ایسے کم ہوتا ہے جیسے یہ شخص سامنے آیا ہے اور یہ کسی کا وفادار نہیں ہوسکتا بلکہ جو شخص اپنی اولاد کا وفادار نہیں وہ کسی کا وفادار کیسے ہو سکتا ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ آہستہ آہستہ انہیں منہ چھپانے کی ضرورت پڑے گی۔ یہ عوام کے ساتھ جھوٹ بولتے ہیں اور پاکستان کے کرپٹ ترین لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں نیب بند کر دیا گیا اور وہاں نیب کی کوئی حیثیت نہیں تھی۔خواجہ آصف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے عمران خان نے ایک لفظ نہیں کہا لیکن 30، 40 جلسے ضرور کیے۔ انہوں نے اگر نیوٹرل رہنے کا اعلان کیا ہے تو عمران خان کو ان کے نیوٹرل رہنے سے بڑی تکلیف ہوئی ہے۔