سندھ حکومت ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کارروائی کرے،خسرو بختیار


اسلا م آباد(صباح نیوز)صنعتوں اور پیداوار کے وزیر مخدوم خسرو بختیار نے سندھ حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔

ایک سرکاری بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت سندھ میں کھاد کا کاروبار کرنے والوں نے ایک لاکھ پچیس ہزار ٹن زائد یوریا کھاد خریدی ہے۔

اسی طرح سندھ سے ملنے والے پنجاب کے علاقوں میں تاجروں نے گزشتہ سال کی نسبت پچاس ہزار ٹن زائد یوریا کھاد خریدی ہے جس کا مقصد ذخیرہ اندوزی کرنا ہے۔

وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت کو وفاقی حکومت کی جانب سے مشتبہ ذخیرہ اندوزوں کے بارے میں فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر اقدامات کرنے چاہئیں۔