الیکشن کمیشن اپنی آ ئینی حدود میں رہتے ہوئے صاف شفاف انتخابات کروانے کیلئے تیار ہے،چیف الیکشن کمشنر راجہ سکندر سلطان


سرگودھا(صباح نیوز)چیف الیکشن کمشنر راجہ سکندر سلطان نے کہاکہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے صاف شفاف انتخابات کروانے کیلئے تیار ہے، حلقے بندیوں کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا میں 44 کروڑ کی لاگت سے تعمیرہونیوالے ریجنل دفتر کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کیا۔ 5اضلاع میں ڈسڑکٹ بلڈنگ بنائی جا  رہی ہیں، پنجاب حکومت سے ہر ضلع میں دفتر کیلئے جگہ کے حصول کیلئے بات جاری ہے۔

سرگودھا میں 5 مزلہ بلڈنگ کی سنگ بنیاد کی سادہ تقریب جو فصیل آباد روڈ پر منعقد ہوئی ، تقریب میں ریجنل الیکشن کمشنر عامر جاوید کے علاوہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر میاں محمد اسلم سمیت دیگر افسران اور عملہ بھی موجود تھا۔رینجیل دفتر فصیل آباد روڈ پر 4 کنال اراضی پر پانچ منزلہ عمارت بنائی جائے گی جس کا تخمینہ 44 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ عمارت 2 سالوں میں مکمل کی جائے گی ،چیف الیکشن کمشنر راجہ سکندر سلطان نے کہا کہ ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے مجموعی طور پر 160 دفاتر ہیں ۔ لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ کہ صرف چار دفاتر اپنی عمارات میں ہیں جبکہ دیگر تمام دفاتر دوسرے سرکاری اداروں یا کرایہ کی عمارات میں قائم ہیں۔ اب ایک پڑے منصوبے پر آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت الیکشن کمیشن  کے صوبائی ضلعی اور تحصیل دفاتر کو مرحلہ وار اپنی عمارات میں منتقل کیا جائیگا ۔

اس کا آغاز آج سرگودھا سے کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر غیر رسمی  بات چیت کرتے ہوئے  چیف الیکشن کمشنر راجہ سکندر سلطان کا کہنا تھا کہ ان کا ارادہ قومی صوبائی اور بلدیاتی انتخابات کروانے کے لیے تیار ہے۔ جب بھی انہیں الیکشن کا کہا جائے گا۔ آئینی حدود میں رہتے ہوئے شفاف انداز میں کروا دیے جائیں گے۔ الیکٹرانک ووٹنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان تمام امور کا فیصلہ حکومت اور دیگر سیاسی جماعتوں نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا الیکشن کمیشن  میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا گیا ہے اور تمام فیصلے خالصتا میرٹ پر کیے جارہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمشنر اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے امور انجام دے رہا ہے ۔۔