پیٹرول اور ڈالر کی قیمت 150 سے کم ہونی چاہیے۔لیاقت بلوچ


 ملتان (صباح نیو ز)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈالر کی قیمت 150 سے کم ہونی چاہیے۔ موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے قوم کو مایوس کیا۔ اسلام کا معاشی نظام ہی معاشی مسائل کا حل ہے۔ ٹرانس جینڈر بل کے نام پر خواجہ سراں کے حقوق کو غصب اور ہم جنس پرستی کو قانونی تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راؤ محمد ظفر اور امیر ضلع ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی بھی ان کے ہمراہ تھے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ متاثرین سیلاب آج بھی امداد کے منتظر ہیں۔ مسلسل پانی کھڑا رہنے اور موسم کی شدت کا بھی متاثرین کو سامنا ہے۔ ہم یہ چاہتے ہیں کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے حق پر کوئی ڈاکہ نہ ڈالے۔ عمران خان نے ٹیلی تھون کے ذریعے فنڈز اکٹھے کیے، لیکن گرانڈ پر کچھ نظر نہیں آرہا۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکارسیلاب متاثرین کی بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ وفاقی و صوبائی حکومت نے سیلاب متاثرین کو تنہا چھوڑ دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اقتصادی بحران ڈالر اور پیٹرول کی قیمتیں کم ہونے سے ختم نہیں ہوگا۔حکومتی آستینوں میں بیٹھے سٹے بازوں نے پوری معیشت کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ پٹرول اور ڈالر کی قیمت 150 روپے سے زائد نہیں ہونی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ اسلام کا معاشی نظام ہی مسائل کا حل ہے۔ سودی نظام اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے علاوہ کچھ نہیں۔ کرپشن مافیا کو کیفرکردار تک پہچانے میں تمام سیاسی جماعتیں ناکام رہیں اور اس وجہ سے قوم میں مایوسی پیدا ہورہی ہے۔ ٹرانس جینڈر قانون خواجہ سراں کے نام پر ہم جنس پرستی کو قانونی تحفظ دینے کا بل ہے یہ شریعت اور آئین پاکستان کے خلاف ہے،پوری قوم نے اس کی حقیقت کو سمجھنے کے بعد اسے مسترد کردیا ہے۔ حکومت جماعت اسلامی کی سینیٹ میں پیش کی گئی ترامیم کو منظور کرے۔