نواز شریف سے ن لیگی رہنماؤں و دیگر کی ملاقات، مریم نواز بھی موجود تھیں


لندن (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ن لیگ کے ارکان اسمبلی اور دیگر افراد نے لندن میں ملاقات کی۔

ن لیگی رہنماؤں کی نواز شریف سے ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر مریم نواز اور مسلم لیگ(ن) برطانیہ کے عہدیدار بھی موجود تھے۔رکن پنجاب اسمبلی توفیق بٹ نے نواز شریف سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نواز شریف سے ملاقات انتہائی خوشگوار رہی، پاکستانی قوم اپنے لیڈر نواز شریف کی شدت سے منتظر ہے، ن لیگ کے قائد نے اپنی آمد کے حوالے سے تیاریاں کرنے کا کہہ دیا ہے۔

توفیق بٹ نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کو عظیم ملک بنانے کیلئے جلد پاکستان میں ہوں گے۔نواز شریف سے ملاقات کرنے والوں میں میاں رضا اور ڈاکٹر اشرف چوہان بھی شامل ہیں، جبکہ جنید صفدر بھی نواز شریف اور والدہ مریم نواز سے ملاقات کیلئے حسن نواز کے دفتر پہنچ گئے۔جنید صفدر اپنی اہلیہ کے ہمراہ گزشتہ روز والدہ مریم نواز کے ساتھ دوحہ سے لندن پہنچے تھے، مریم نواز نے پاکستان سے لندن آتے ہوئے ایک دن دوحہ میں قیام کیا تھا۔۔