ہر گزرتے دن عمران خان کی منافقت و دوہرے معیار سے پردہ اٹھ رہا ہے، شیری رحمان


اسلا م آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ ہر گزرتے دن عمران خان کی منافقت اور دوہرے معیار سے پردہ اٹھ رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وفاقی وزیر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے ملکی مفادات کے خلاف سازش کرتے ہوئے پائے گئے، اور اب نئی آڈیو میں ہارس ٹریڈنگ کر رہے ہیں۔شیری رحمان کا کہنا تھا کہ مخالفین پر الزام لگانے والے خود 5 ارکان خریدنے کا دعوی کر رہے ہیں، اپنی باری پر یہ لوگوں کو کہہ رہے ہیں کہ صحیح اور غلط میں فرق نہ کریں، ہر گزرتے دن عمران خان کی منافقت اور دوہرے معیار سے پردہ اٹھ رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان عدم اعتماد ناکام کرنے کیلئے آخری دن تک ارکان خریدتے رہے، جب ہارس ٹریڈنگ میں ناکام ہوئے تو انہوں نے سائفر کی آڑ میں سازشی بیانیہ بنایا۔شیری رحمان نے مزید کہا کہ ملک کا وزیراعظم دعوی کر رہا ہے کہ انہوں نے 5 ارکان خریدے ہیں، عمران خان کو اب بتانا ہوگا کہ انہوں نے 5 ارکان کیسے خریدے، آڈیو لیک اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان عدم اعتماد کے آئینی عمل کو ناکام کرنے کیلئے اپوزیشن کے ووٹ خریدنے کی کوشش کر رہے تھے ۔۔۔