ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 21 لاکھ 96 ہزار 122 ہوگئی


اسلام آباد(صباح نیوز)ملک میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 21 لاکھ 96 ہزار 122 ہوگئی، الیکشن کمیشن حتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت  آج بروز 7 اکتوبر کو کرے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ملک میں مرد ووٹرز کی کل تعداد 6 کروڑ 64 لاکھ 6 ہزار 168 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 57 لاکھ 89 ہزار 954 ہو گئی ہے، پنجاب میں 7 کروڑ 6 لاکھ 20 ہزار 25 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، سندھ میں 2 کروڑ 56 لاکھ 63 ہزار 939 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔ خیبر پختوںخوا میں 2 کروڑ 8 لاکھ 21 ہزار 301 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں جبکہ بلوچستان میں 50 لاکھ 90 ہزار 857 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 لاکھ 84 ہزار 477 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت کے بعد بھی ووٹ کا اندراج، کوائف کی درستگی اور نئے ناموں کا اندراج کرایا جاسکتا ہے جس کیلئے تمام ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز اپنے متعلقہ اضلاع میں عوام کی سہولت کیلئے دفتری اوقات کار میں موجود ہونگے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ووت کا اندراج، اخراج  یا درستگی انتخابات کے اعلان سے قبل تک کرائی جاسکتی ہے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 16 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات اور کراچی کے بلدیاتی الیکشن پرانی ووٹرز لسٹ کے مطابق ہونگے۔