جماعت اسلامی کل جمعہ کو ٹرانس جینڈر قانون کے خلاف مسجد شہدا کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرے گی ،سراج الحق خطاب کریں گے


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی جمعہ کو ٹرانس جینڈر قانون کے خلاف مسجد شہدا کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرے گی ،امیرجماعت سراج الحق خطاب کریں گے۔مال روڈ پر ہونے والے مظاہرہ میں مختلف مذہبی، سیاسی تنظیموں کے رہنما بھی شریک ہوں گے۔

منصورہ سے جاری بیان میں انھوںنے کہا کہ مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی عوام کی بڑی تعداد بھی مظاہرہ کا حصہ ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ امیر جماعت نے حکومت کو ٹرانس جینڈر قانون واپس لینے کے لیے ایک ہفتہ کی مدت دی تھی جو جمعہ کو ختم ہو جائے گی۔ ٹرانس جینڈر قانون معاشرے کی اسلامی اقدار پر حملہ ہے جس کی ہر سطح پر مخالفت کی جائے گی۔ حکومت ٹرانس جینڈر ز کے حقوق کے لیے جماعت اسلامی کی جانب سے سینیٹ میں پیش کیے گئے بل کو قبول کرے۔

انھوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کسی صورت بھی خواجہ سراؤں کے حقوق کی مخالف نہیں بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ انھیں ان کے تمام جائز حقوق ملیں البتہ کسی نام نہاد قانون کے ذریعے معاشرے میں فحاشی، عریانی اور ہم جنس پرستی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مرکز و محور ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے۔ قوم کو دین بیزارقوانین قبول نہیں۔ ایک سازش کے تحت سیکولر لابیز ملک کی اخلاقی اقدار پر حملہ آور ہو رہی ہیں جن کا ہر سطح پر مقابلہ کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ امیر جماعت نے عوام کو مظاہرے میں شرکت یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔