کراچی (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ تبدیلی کا نعرہ تباہی ثابت ہوا ہے، حکومتی دعوؤں کے برعکس مہنگائی نے 70 سالہ رکارڈ توڑ دیا ہے حکومت کی غلط اور غلامانہ پالیسیوں کی وجہ سے معیشت تباہ اور عام آدمی کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔ سودی نظام سے نجات کے بغیر ملک مسائل کے دلدل سے نہیں نکل سکتا۔ 31 اکتوبر کو جماعت اسلامی کے تحت بڑھتی ہوئی مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف امیر جماعت سراج الحق کی قیادت میں مارچ ہوگا۔جس میں ڈگری ہولڈر بیروزگار نوجوانوں کی بھرپور شرکت ہوگی۔ مہنگائی کو کنٹرول، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال اور عام آدمی کو ریلیف دینے کے اقدامات کرکے پی ٹی آئی قیادت انتخابی مہم کے دوران قوم سے کئے گئے وعدے پورے کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپورخاص پریس کلب میں مقامی امیر حاجی نور الہی مغل اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوارن کیا۔ پریس کانفرنس میں پریس کلب کے صدر راشد سلیم و دیگر سینئر صحافی اور نیوز چینلز کے نمائندے موجود تھے۔
انہوں نے مطالبہ کیاکہ پیٹرول گیس بجلی آٹا چینی کی قیمتوں کو منجمند کرکے مہنگائی و ملک کو بحرانی کیفیت سے نکالا جائے۔ بجلی و پیٹرول قیمتوں میں مزید اضافے کی خبریں غریب عوام پر بجلی بن کر گر رہی ہیں۔ پاکستانی روپے کی بے قدری کی وجہ سے درآمدی اشیا کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کی قوت خرید کم ہورہی ہے۔کاروباری لوگ بھی سخت مالی بحران و پریشانی کا شکار ہیں۔ اس لیے حکومت آئی ایم ایف کی بجائے ملک وقوم کے مفادات کو سامنے رکھ کر پالیسیاں بنائے۔ جماعت اسلامی نے مہنگائی کے خلاف کراچی تا کشمور سندھ بھر میں ہفتہ احتجاج کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرے کئے ہیں۔ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور اسلامی و خوشحال پاکستان کے لیے جماعت اسلامی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اس موقع پر محمد رفیق چوہان ،محمد عاصم شیخ اور سیکرٹری اطلاعات عبدالرشید شیخ بھی موجود تھے۔