کراچی(صباح نیوز) ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا سیل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ قمر نے کہا ہے کہ جماعت کے بیانیہ کو عوامی سطح تک لے جانے کا حساس ذریعہ شعبہ نشرواشاعت ہے لہذا شعبہ نشرواشاعت کے ہر فرد کو حساس،ذمہ دار اور معاملہ فہم ہونا چاہیے تاکہ درپیش چیلنجز کا ذمہ داری سے سامنا کر سکیں۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا سیل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ قمر نے صوبہ شمالی پنجاب کی ضلعی نگرانات نشرواشاعت کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ راہ حق کے داعی ہیں لہذا ہر شعبہ زندگی میں احسن طریقے سے اپنی جگہ بنانے اور اپنے پیغام کو دور دراز تک پہنچانے کے لئے میڈیا بہترین معاون ہے۔ ہمیں اپنے اندر ایسی صلاحیتیں پیدا کرنی ہیں جن کے ذریعے اچھے اور موثر رابطے قائم کئے جا سکیں۔شعبہ نشرواشاعت شمالی پنجاب کے مختلف اضلاع کی نگرانات اور نائبین کی ایک روزہ تربیتی نشست آن لائن منعقد ہوئی جس میں مختلف اضلاع کی نگرانات نشرواشاعت نے شرکت کی۔
رپورٹ فارم کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے مرکزی نگران نشرواشاعت صائمہ افتخار نے کہا کہ اپنے ذمے لگائی گئی ذمہ داریوں کی بروقت رپورٹ دینا دراصل آخرت کی رپورٹ سازی کی تیاری ہے۔ رپورٹ دینے سے اہداف کے تعین اور نتائج کے حصول میں آسانی ہوتی ہے اور اپنے کام کی تکمیل کی رفتار کا اندازہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی تحریک یا تنظیم کے لئے رپورٹ سازی ریڑھ کی ہڈی کی حثیت رکھتی ہے، لہذا کام کی احسن تکمیل کے ساتھ ہی اچھی اور حقائق پر مبنی جاندار رپورٹ کی تیاری ایک فرض شناس نگران کا اثاثہ ہے۔ شعبہ نشرواشاعت کے کارکنان و ذمہ داران کے میڈیا کے افراد سے مثبت و مثر رابطے وقت کا اہم تقاضہ ہے،
انہوں نے مزید کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا مثبت استعمال کرنا جماعت کا بیانیہ پیش کرناحالات حاضرہ سے مکمل اور بروقت واقفیت حاصل کرنا نظم اور کارکنان کو آگاہی دینا شعبہ کی اہم ذمہ داریاں ہیں۔ رکن مرکزی شوری اور سابق نگران جامعات المحصنات افشاں نوید نے کہا کہ کسی فرد کے کامیاب شخصیت بننے میں وقت کی مناسب منصوبہ بندی بہت اہمیت کی حامل ہے۔اپنی روزمرہ کی مصروفیات اور اشاعت دین کے کاموں میں توازن لازم ہے۔ اللہ کے دین کی خاطر کام کرنے والے افراد کے وقت اور صلاحیتوں میں اللہ تعالی برکت عطا فرماتے ہیں۔اس دور میں ذرائع ابلاغ کی دنیا کے اندر صالح اور مثبت سوچ رکھنے والے عناصر کاموجود ہونا اک شجر سایہ دار کی حثیت رکھتا ہے۔
خبر اور قرارداد کی تیاری کے عنوان پر لیکچر دیتے ہوئے نائب نگران نشرواشاعت فریحہ اشرف نے کہا کہ خبر اہم معلومات پر مشتعمل ہوتی ہے۔ اخباری خبر اطلاعات کا پائیدار اور مستقل ذریعہ ہے۔خبر شائع کروانے کے لئے بیجا طوالت سے پرہیز کریں۔اہم نکات کو ہدف بنا کر اس میں دلچسپی کا عنصر شامل کریں۔خبر کی اشاعت کے لئے خبرکا جامع اور مدلل ہونا لازمی ہے۔تربیتی ورکشاپ کے دوران باہمی گفتگو کا سیشن بھی ہوا جس میں تمام نگرانات نے اپنی ذمہ داریوں کے دوران مختلف,اہم مگر فائدہ مند تجربات کو زیر بحث لایا۔اس موقع پر نشرواشاعت کی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے نگرانات کو درپیش مسائل سنے گئے اور ان کے حل کے لئے موثر تجاویز بھی دی گئیں ۔