جماعت اسلامی کو اسٹیبلشمنٹ سے کوئی مسئلہ نہیں، تمام ادارے آئین کے مطابق اپنی حدود میں رہ کر کام کریں،میاں محمد اسلم


اسلام آباد(صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کو اسٹیبلشمنٹ سے کوئی مسئلہ نہیں، لیکن ضروری ہے کہ تمام ادارے آئین کے مطابق اپنی حدود میں رہ کر کام کریں،ملکی نظام عدل میں پہلے حکمرانوں کو کرپٹ اور چور ثابت کیا جا تا ہے اور بعد میں انھیں عدالتوں سے بے گناہ قرار دے کر چھوڑ دیا جا تا ہے ،

انھوں نے کہا آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی عوامی تائید اور حمایت سے اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی، پی ڈی ایم حکومت کی ترجیح عوامی مشکلات،معیشت کی بحالی اورغربت کا خاتمہ نہیں بلکہ بجلی گیس سمیت دیگر یوٹیلٹی بلزکے ذریعے مزید ٹیکسوں کابوجھ ڈال کر عوام کاخون نچوڑنا اورحکومتی ارکان پر بنے کرپشن کے مقدمات کا خاتمہ ہے،میاں محمد اسلم نے کہا حکمرانوں نے پاکستان کی معیشت کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے حوالے کر دیا ہے ، جس کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا سیلاب آیا ہوا ہے جس سے غریب طبقہ شدید بدحالی کا شکار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی کے بیٹ رپورٹرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رند ھاوا، نائب امیر ملک عبد العزیز ،جماعت اسلامی کے میڈیا کوآرڈینیٹر شاہد شمسی ، سجاد احمد عباسی ، طاہر خان ، حامد اطہر اور ارشد مرزا بھی مو جو د تھے ۔میاں محمد اسلم نے کہاوڈیو لیک، اور مہنگائی کے طوفان سے لیکر قرآن وسنت کے صریحاخلاف ٹرانس جینڈر بل پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم حکومتوں کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکا ہے، ملکی مسائل کا سبب ملک میں اللہ کے قانون کا صحیح معنوں میں نفاذ نہ ہونا ہے، پاکستان کے مسائل کا حل قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ میں مضمر ہے،

انھوں نے پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم حکومتوں کو ناکام ترین، کرپٹ اورعوام و دین دشمن حکومت قراردیتے ہوئے کہاکہ برسراقتدار ٹولے نے ملک کو معاشی سیاسی آئینی اوراخلاقی طورپربحرانوں سے دوچار کردیا ہے، ، جماعت کو جب بھی موقع ملا عوام کی خدمت کی، سیلاب متاثرین کی امداد میں جس طرح الخدمت فاونڈیشن پیش پیش رہی یہ پوری قوم کے سامنے ہے ،ایک دوسرے کو چور کہنے والے دونوں کا موقف درست ہے اس لیے کہ حکومت و اپوزیشن توشہ خانوں سے لیکر قومی دولت کی لوٹ مار میں برابر کے شریک ہیں،میاں محمد اسلم نے کہا ملک کو سیلاب نے نہیں بلکہ کرپٹ قیادت و نظام نے ڈبویا جس سے نجات حاصل کرنے کے لیے عوام کو خود بیدار ہونا پڑے گا ورنہ بھوک وافلاس غربت محرومیاں اور سیلاب ان کا مقدر رہیں گے۔