برطانیہ سے 19ملین پاؤنڈز کی پاکستان منتقلی کا معاملہ


اسلام آباد(صباح نیوز)برطانیہ سے 19ملین پاؤنڈز کی پاکستان منتقلی کے معاملہ پرپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ کے 21اراکین اور معروف کاروباری شخصیت ملک ریاض حسین کے صاحبزادے احمد علی ریاض ملک کو طلبی کے نوٹس بھجوادیئے۔

نیب رقم کی برطانیہ سے پاکستان منتقلی اور اس کے نجی اکاؤنٹ میں جانے کی تحقیقات کررہا ہے۔ جن سابق وزراء کو نوٹس بھجوائے گئے ہیں ان میں اسد عمر، شفقت محمود،شیخ رشید احمد، فواد چوہدری،فیصل واوڈا، صاحبزادہ محبوب سلطا ن، غلام سرور خان،سینیٹر اعظم خان سواتی،عمر ایوب خان، محمد میاں سومرو، مراد سعید ، علی امین گنڈاپور، حماد اظہر، ڈاکٹر شیریں مزاری، برگیڈیئر (ر)اعجاز احمد شاہ ، سید علی حیدرزیدی، مخدوم خسروبختیار، خالد مقبول صدیقی اور دیگر شامل ہیں۔

سابق وزرا کو نیب کی جانب سے مختلف تاریخوں پر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ19ملین پاؤنڈز کی رقم برطانوی تحقیقاتی ایجنسی نے پاکستانی پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض حسین سے ریکور کی تھی۔بعد ازاں یہ رقم پاکستان آئی اور پھر مختلف اکاؤنٹس سے ہوتی ہوئی پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض حسین کے بیٹے کے اکاؤنٹ میں چلی گئی۔