اسلام آباد(صباح نیوز)سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کے پیش نظر عالمی ادارہ صحت نے پاکستان کے لیے ہیلتھ ایمرجنسی کی اپیل کردی۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں سیلاب کے بعد وبائی صورتحال ہے۔ پاکستان میں 82 لاکھ افراد کو صحت کے شعبے میں مدد کی فوری ضرورت ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں دستیاب صحت سہولیات کا 10 فیصد حصہ تباہ ہوچکا ہے اور مذکورہ علاقوں میں بیماریوں کے ساتھ بچوں کو غذائیت کی کمی جیسے چیلنج کا سامنا بھی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق اب سے مئی 2023 تک 8 کروڑ 15 لاکھ ڈالر کی ضرورت ہوگی جبکہ متاثرہ 32 اضلاع میں فوری مدد کی ضرورت ہے۔