اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم، وزرا، اراکین پارلیمنٹ، گورنرز اور میڈیا کو لکھے گئے خطوط کے ذریعے چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی مہم میں انہیں فعال شرکت کی دعوت دیتے ہوئے خواتین میں مہلک مرض کے متعلق ازخود معائنہ اور جلد تشخیص کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں تعاون کی اپیل کی ہے۔ صدر نے انہیں اس سال چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی مہم میں فعال اور رضاکارانہ شراکت دار بننے کی دعوت دی جس میں پسماندہ طبقے کی خواتین اور سیلاب زدہ علاقوں پر خاص طور پر توجہ مرکوز کی جائے گی جہاں خواتین سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں۔
صدر مملکت نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ پاکستان میں ہر سال چھاتی کے کینسر کے تقریبا ایک لاکھ نئے کیسز رپورٹ ہوتے ہیں، جن میں سے نصف خواتین تاخیر سے تشخیص کے باعث موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان قیمتی جانوں میں سے 98 فیصد کو ازخود معائنہ اور جلد تشخیص کے بارے میں آگاہی پیدا کر کے بچایا جا سکتا ہے۔
صدر مملکت نے بتایا کہ خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی کی قیادت میں گزشتہ چار سال کی بریسٹ کینسر آگاہی مہم کے نتیجے میں ہسپتالوں میں چھاتی کے کینسر کے کیسز کی ابتدائی رپورٹنگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔نامور صحافیوں کے نام اپنے خطوط میں انہوں نے گزشتہ چار سالوں کے دوران مسلسل تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے قابل قدر تعاون اور فعال شراکت کے بغیر مہم کی کامیابی ممکن نہیں تھی۔
انہوں نے میڈیا پرسنز پر زور دیا کہ وہ اس سال بھی اپنا فعال کردار ادا کریں تاکہ ٹارگٹ خواتین کو نیوز بلیٹنز، خصوصی رپورٹس، ڈراموں، مارننگ شوز، مضامین، کالم اور اداریوں کے ذریعے ازخود معائنہ اور جلد تشخیص کی بنیادی اہمیت کے بارے میں آگاہی فراہم کی جا سکے۔صدر نے خواتین کو تعلیم دینے اور خود تشخیصی اور مرض کے بارے میں جلد پتہ لگانے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں اس سال کے لئے متعدد سرگرمیوں کے بارے میں بھی بتایا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سال کی آگاہی مہم پسماندہ طبقات اور سیلاب زدہ علاقوں کی خواتین کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کرے گی۔ صدر مملکت نے ان تقریبات کو فروغ دینے کے لیے میڈیا کی اہمیت پر زور دیا ۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ میڈیا خواتین کو از خود معائنہ کے لیے آگاہی اور حوصلہ افزائی کرنے کے لیے ایک جامع آگاہی مہم شروع کرے اور رضاکارانہ طور پر چھاتی کے کینسر کی جلد تشخیص سمیت صحت سے متعلق مسائل کو کم کرنے کے لیے صحت مندانہ غذا کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی پیدا کرے۔واضح رہے کہ اکتوبر چھاتی کے کینسر سے آگاہی کا مہینہ ہے، اس دوران چھاتی کے کینسر کے اثرات، اس سے بچا ، جلد تشخیص اور علاج کے بارے میں آگاہی پیدا کی جاتی ہے۔