کوئٹہ (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ اسلامی نظام کے نفاذ ،احتساب سزاوجزاکا اسلامی نظام قائم ہونے اورلٹیروں کو قرارواقعی سزادینے سے مسائل کے حل کی راہ ہموار ہوگی ۔ حکومت واپوزیشن کے لوگ نظام کی تبدیلی مسائل کے حل کے بجائے اپنے اپنے مقدمات ختم اور آئندہ دوبارہ براجمان ہونے کیلئے مصروف عمل ہیں انہیں عوام ،عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ مہنگائی بے روزگاری اوربدعنوانی کے عوام کو نان شبینہ کا محتاج بنا دیا ہے ۔حل جماعت اسلامی ہے عوام اسلامی نظام کے قیام اور مسائل کے حل کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ریاست مدینہ کا حقیقی نظام نفاذ کریگی ،عوام کو بار بار قومیت ،اسلامی نظام اور ریاست مدینہ کے نام پر دھوکہ دیا گیا لیکن بدقسمتی سے ایک دن بھی ملک میں اسلامی نظام نافذ نہیں ہوا جو لمحہ فکریہ اور آئین وعوام سے دھوکہ ہے پاکستان میں نظام مصطفےۖ کو نافذ ہونے سے لٹیرے بدعنوان امریکی غلام ڈرتے ہیں جماعت اسلامی ان لٹیروں کے خلاف میدان عمل میں ہے نظام مصطفےۖ معاشی، معاشرتی ، اقتصادی، سماجی مسائل کاواحد حل ہے اس کے نفاذ سے ہی ملک مہنگائی بے روزگاری بے راہ روی کی دلدل سے نکل سکتا ہے اور عدل و انصاف کا بول بالا ہوسکتاہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے اکابرین نے اس ملک میں اسلام کے آفاقی نظام کو نافذ کرنے لئے ساری زندگی وقف کردی ان کی کاوشوں کے طفیل برصغیرمیں ایک اسلامی ریاست معروض الوجود میں آئی جماعت اسلامی مسلسل 75سالوں سے پاکستان کو صحیح اسلامی ڈگر پر لانے کی کوشش کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی اورامریکی آشیر باد سے یہاں ہمیشہ ایسے حکمراں آتے رہے ہیں جنہوں نے امریکہ کی غلامی میں سیکولر نظام لانے اور معیشت تباہ کرکے ملک کو دیوالیہ کرنے کی سازشیں کی ہیں حکومت اور حزب اختلاف دونوں ہوش کے ناخن لیں اب تو حد یہ ہوگئی ہے کہ ٹرانس جینڈر جیسا قانون نافذ کر کے اللہ کے عذاب کو دعوت دی جارہی ہے حکمراں سیلاب کی تباہ کاریوں سے بھی سبق حاصل کرنے کی بجائے اپنے عمل سے مزید اللہ کے غضب کو دعوت دے رہے ہیں لاکھوں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں بچے دودھ ،غذائی اجناس، ادوایات کیلئے بلک رہے ہیں جبکہ حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ۔انہوں نے کہا کہ حکمراں عوام کی دادرسی کریں اور اپنے آپ کو اللہ کے غضب سے بچائیں ۔