نصیر آباد ،سی ٹی ڈی کی گاڑی پر حملہ، 2 اہلکار شدید زخمی، 4 دہشتگرد ہلاک


نصیر آباد (صباح نیوز)بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں نوتال قومی شاہراہ پر کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)کی گاڑی پر دہشت گردوں  کے حملے میں اے ایس آئی سمیت2 اہلکار شدید زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔

سی ٹی ڈی کے ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں اے ایس آئی سمیت2 سی ٹی ڈی کے اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ محکمہ انسدادِ دہشت گردی کے ذرائع کے مطابق جوابی کارروائی میں 4 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں سے 3 دستی بم، ریموٹ کنٹرول ڈیوائس، کلاشنکوف اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔ زخمی سی ٹی ڈی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔