کراچی( صبا ح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکومتی نااہلی اور مفاد پرستانہ پالیسیوں کے نتیجے میں ملک میں نت نئے بحران اور بے یقینی بڑھتی جارہی ہے۔جماعت نے اتحادی سیاست کو خیر آباد کرتے ہوئے آئندہ انتخابات میں اپنے جھنڈے و منشور پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔کے الیکٹرک کے ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف ریفرنڈم سمیت کراچی کے مسائل پر جماعت اسلامی کی جدوجہد قابل تحسین ہے۔ جس کے نہ صرف کراچی کے بلدیاتی انتخابات بلکہ پورے ملک پر مثب اثرات مرتب ہوں گے، سندھ میں انتخابات کی تیاریوں اور امیدواروں کو حتمی شکل دیکر بلاک کوڈ کی سطح پر رابطہ عوام کو تیز کیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کے سیاسی امور کی کورکمیٹی کے اجلاس سے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں سندھ کی سیاسی انتخابی اور تنظیمی صورتحال سمیت الخدمت ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے پورے صوبہ سندھ جبکہ حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی کوحق دو تحریک وبلدیاتی انتخابات کی تیاری سمیت دیگر تنظیمی و سیاسی صورتحال امور کا جائزہ پیش کیا۔
اجلاس سے مرکزی نائب امراء و سابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے بھی خطاب کیا۔ لیاقت بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ سمیت ملک میں بارشوں نے بڑی تباہی مچادی ہے، لاکھوں لوگ بے یارومددگار اور حکومتی امداد سے محروم ہیں۔ ملک اور پوری دنیا سے امدادی سامان آنے کی خبریں اخبارات میں شایع ہورہی ہیں معلوم نہیں یہ سامان حقیقی متاثرین تک کیوں نہیں پہنچ پا رہا ہے۔ حکمرانوں کو اس کا حساب دینا ہوگا۔ جماعت اسلامی سندھ کے تحت امداد میں تاخیر و کرپشن کے خلاف سندھ بھر میں یوم احتجاج بروقت قدم تھا۔ انہوں نے صوبائی قیادت کو ہدایت دی کہ وہ سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کے لیے بھرپور کوشش اور متاثرہ عوام کو اپنا حق دلانے کی تحریک کو مزید تیزکریں۔