کراچی(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ اسلام مرد،عورت،امیر غریب کے لئے معاشرتی اعتبار سے یکساں حقوق کی فراہمی کا ضامن ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ اسلامی تعلیمات اور اخلاقی تربیت سے غفلت نے معاشرے کو گراوٹ کی اس حد پر پہنچا دیا ہے کہ جہاں امیر غریب،ان پڑھ تعلیم یافتہ لوئر کلاس اور ایلیٹ کلاس سب جہالت کی ایک صف میں کھڑے نظر آتے ہیں۔جس معاشرے میں اللہ کی حدود پامال کرتے ہوئے شرم یا خوف کا تصور مٹ جائے وہاں عورت کی جان، حرمت اور عزت کی توقع ایک عبث کام ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایلیٹ طبقے کی نور مقدم کے بعد ایک اور خاتون سارہ اس جاہلانہ پستی کی بھینٹ چڑھا دی گئی۔شوہر جسے بیوی کا محافظ ہونا چاہیے اس کے ہاتھوں اپنی بیوی کا قتل انتہائی افسوس ناک اور شرمناک ہے۔
انہوں نے کہاکہ بارہ سالہ شہیر کو ہوم ورک نہ کرنے پر باپ کے ہاتھوں زندہ جلایا جانا درندگی کی انتہا ہے،خدا سے بے خوفی،دین کو غیر اہم تصور کرنا، زائد از ضرورت دولت، اخلاقی کرپشن،منشیات،ام الخبائث کا استعمال،محرم ونامحرم کی قید سے باغی معاشروں میں رشتوں کا تحفظ اورحرمت باقی نہیں رہتی۔
دردانہ صدیقی نے کہاکہ معاشرے کی اس زبوں حالی کے پیچھے چھپے عوامل میں، قانون کے عدم نفاذ کا ایک بڑا حصہ ہے۔اگر نور مقدم کے قتل کا فیصلہ بروقت کردیا جاتا اورقاتل کو بچانے کی بجائے اسے سزا دے دی جاتی تو شاید آج ایک اور خاتون موت کا شکار ہونے سے بچ جاتی۔
انہوں نے سوال کیا کہ آخر ہم کب تک طاقتور ظالموں کا ساتھ دیتے رہیں گے ؟ اگر اس درندگی کے سامنے بند باندھنا ہے تو دیگر عوامل کے ساتھ عدل وانصاف کے نظام کو مضبوط بنانا ہوگا۔ اسی صورت میں خاندانی نظام مضبوط اور حدود و حقوق کی پاسداری ممکن ہے۔آج مملکت خداداد پاکستان کی بیٹیاں اہل اقتدار سے عدل مانگتی ہیں،
علاوہ ازیں عالم اسلام کے عظیم مفکر علامہ یوسف قرضاوی کی وفات پر سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے دکھ اورافسو س کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علامہ یوسف القرضاوی عالم اسلام کے عظیم رہنما, سینکڑوں کتب کے مصنف، عالم ، داعی، استاد، دانشور، امت کے ایک بطل جلیل تھے- علم اور حکمت کے میدان میں ان کا خلا تا دیر پر نہ ہو سکے گا –
اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے سوگواران سے اظہار تعزیت اور ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ کریم ان کی کامل مغفرت فرمائے، خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور دنیائے اسلام کو ان کا بدل عطا فرمائیجبکہ ڈپٹی سیکرٹریز رعنا فضل، آمنہ عثمان، ثمینہ سعید، عنائت جدون ‘ ڈاکٹر حمیرا طارق، عطیہ نثار، معتمدہ تسنیم معظم نگراں میڈیا سیل عالیہ منصور، سیکرٹری اطلاعات صائمہ افتخار اور دیگر ذمہ داران نے بھی علامہ یوسف القرضاوی کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اسلام کے لئے مرحوم کی علمی و ادبی خدمات کو اللہ رب العزت ان کی مغفرت، بلندی درجات کا ذریعہ بنا دیں اور ان کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی ہے۔