جمعیت طالبات صرف جماعت اسلامی کا ہی نہیں بلکہ پورے معاشرے کا سرمایہ ہیں-دردانہ صدیقی


کراچی (صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہاہے کہ نوجوان ہر ملک و ملت کا اہم اثاثہ ہوتے ہیںاور ان کے اخلاق و کردار کی تربیت کرنے والے ادارے اورانجمنیں باعث فخر ہوتی ہیں – اسلامی جمعیت طالبات, نوجوان بچیوں کے کردار اور رویوں کی اصلاح اور کانٹ چھانٹ میں رہنما کا کردار ادا کرتی ہے –

ان خیالات کا اظہار  دردانہ صدیقی نے اسلامی جمعیت طالبات کی 53ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کیا -انہوں نے کہا کہ یوں تو ہر نیا دور گزشتہ ادوار کے مقابلیمیں فتنوں میں شدید تر ثابت ہو رہا ہے، لیکن موجودہ دور کے فتنے اپنی نوعیت میں اس قدر شدید ہیں کہ اچھے اچھوں کے قدم لڑکھڑاتے نظر آتے ہیں۔ ایسے میں اپنے ایمان کی حفاظت اور ان فتنوں کی مخالفت ، دونوں یکساں اہمیت کے حامل ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت طالبات نے ہر دور میں ہر فتنے کے خلاف ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے، نہ صرف جماعت اسلامی کی تنظیم بلکہ معاشرے کے ہر شعبے میں جمعیت کی سابقات کا کردار قابلِ فخر اور قابلِ تقلید رہا ہے۔

انہوں نے یومِ تاسیس کے موقع پر باور کروایا کہ رضائے الہی کا جو مقصد طالبات نے اپنایا ہے،یہ زندگی بھر کا عہد ہے، آج گھروں میں ہوں یا درسگاہوں میں اور کل آپ خاتونِ خانہ ہوں یا کسی بھی شعبے میں ، رضائے الہی کے لئے اسلامی نظامِ حیات کے نفاذ کی جدوجہد آپ کی زندگی کا اولین مقصد رہنا چاہیے۔الحمدللہ جماعت اسلامی کی خواتین اس وقت پاکستان کے ہر علاقے میں تنظیم سے منسلک ہیں۔

اس کے علاوہ زندگی کے ہر شعبہ میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔طالبات جن شعبہ جات سے وابستہ ہیں، وہاں جماعت کی خواتین سے رابطے میں رہیں، ان سے سیکھیئے میں ان سے مدد لیجیے، ان سے جڑے رہیئے۔ آپ جہاں بھی ہیں ،ہماراتعاون جمعیت کے ساتھ ہے۔انہوں نے جمعیت طالبات کے سفر کو کامیابی کے ساتھ جاری و ساری رہنے کی خصوصی دعابھی کی