وزیراعظم کی انگلینڈ کیخلاف جیت پر قومی ٹیم کو مبارکباد ، بھارتیوں کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا


نیویارک(صباح نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف جیت پر قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے بھارتیوں کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا اور کہا کہ ٹیم کے اوپنرز بابراعظم اور محمد رضوان کو شاباش، پہلے 152 پر صفر وکٹ اور اب 203 پر۔

وزیراعظم شہباز شریف قومی کرکٹ ٹیم کے ہر میچ پر کڑی نظر رکھتے ہیں اور جیت پر سراہتے بھی ہیں۔ اب وزیراعظم شہباز شریف نے انگلینڈ کے خلاف بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے میچ جیتنے پر بھارت کو ان کی پاکستان کے ہاتھوں ہوبہو ہونے والی شکست یاد دلا دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹیم کے اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان کو شاباشی دیتے ہوئے لکھا ہے کہ پہلے 152 پر صفر وکٹ اور اب 203 پر۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے انگلینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی ہے۔ بابراعظم کی شاندار سنچری اور وکٹ کیپر محمد رضوان کے 88 رنز کی فتح کی بدولت پاکستان نے وکٹ کھوئے بغیر 200 رنز کا ہدف حاصل کرکے اپنا ہی پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

پاکستانی اوپنرز بابر اور رضوان کی جوڑی نے اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف دوسری اننگ میں 152رنز کا ہدف بغیر وکٹ کھوئے حاصل کیا تھا۔