رواں سال 2لاکھ 86ہزار پاکستانی ،بیرون ممالک کا رخ کر چکے ہیں


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک سال کے دوران 2لاکھ 86ہزار افراد بیرون ممالک کا رخ کرگئے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ تعداد پنجاب کی ہے۔ جہاں سے ایک لاکھ 56ہزار لوگوں نے اپناوطن ترک کیا ۔ خیبر سے 76ہزار جبکہ سندھ اور بلوچستان سے 54ہزار سے زائد افراد ملک چھوڑ کر باہر چلے گے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہحکومت کی جانب سے پٹرولیم کے بعد عوام پر بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے مشکلات کے پہاڑ کھڑے کردیئے ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ظالم حکمرانوں کو عوام کا احسا س ہی ختم ہو چکا ہے۔ ملک میں سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سماجی خدمات کے شعبہ جات، ترقی اور معیشت کی بحالی کے لیے کسی قسم کی کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی گئی۔ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں سے سرکاری ملازمین اور عام دیہاڑی دار طبقہ کوئی بھی خوش نہیں ہے۔ عوام کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ لوگ اپنے معاشی حالات سے تنگ آکر خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ قرضوں کے پہاڑ کھڑے کر دیے گے ہیں، مگر ملک میں خوشحالی نظر آتی ہے اور نہ ہی عوام کی زندگیوں میں آسودگی نظر آتی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی طرح موجودہ اتحادی حکومت کے پاس بھی کوئی معاشی وژن نہیں۔ مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف ،تینوں نے ملک کو دیوالیہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ عوام نے ان سب کو آزمالیا ہے مگر کوئی بھی عوامی توقعات پر پور ا نہیں اترا۔