اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماوں کے اجلاس میں کہا ہے کہ ہمیں فاشسٹ کہنے والے خود اس سے بھی بڑھ کر ہیں، انہوں نے میڈیا میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی، سب کچا چٹھا سامنے آگیا ہے ، بتایا جائے مریم نواز آخر کس حیثیت سے حکومتی میڈیا سیل چلا رہی تھیں؟
،وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماوں کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال اوراپوزیشن جماعتوں کے حکومت مخالف بیانیے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں مریم نواز کی آڈیو ٹیپ پربھی گفتگو ہوئی،
وزارت اطلاعات نے کارروائی سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا جبکہ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ ہمیں فاشسٹ کہتے ہیں یہ خود اس سے بڑھ کر ہیں، مریم نوازکس حیثیت میں فیصلے کرتی رہی ہیں، ان لوگوں کا کچا چٹھا سب کے سامنے آگیاہے۔
پارٹی رہنماوں کے اجلاس میں ملک میں کھاد کی بڑھتی قیمتوں سے متعلق بریفنگ دی گئی کہ سندھ میں کھاد کی ذخیرہ اندوزی کی جا رہی ہے، سندھ میں کھاد کی ذخیرہ اندوزی سے ملک میں کھاد کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ سندھ حکومت کھاد کے ذخیرہ اندوزون کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی۔
وزیراعظم نے کھاد کی ذخیرہ اندوزی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے صوبہ سندھ کے ساتھ معاملہ اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے،کراچی میں سب سے زیادہ مہنگائی ہے۔