نیا جنم : تحریر محمد اظہر حفیظ


آج المدثر ٹرسٹ کھاریاں کا چیریٹی ایونٹ تھا۔ مجھے تین دن سے تیز بخار ہے میں پھر بھی اپنے بڑے بھائی کا ہاتھ پکڑ کر پہنچا۔ بھائی بھائیاں دے بازو ہوندے۔ اس کی بہترین مثال میرا بھائی ہے۔ سب سے پہلے تو بہت خوبصورتی سے تلاوت قرآن پاک جب ایک نابینا بچے نے تلاوت کی تو مجھے اپنے بینا ہونے پر شرم محسوس ہوئی اور میں شرمندگی سے روتا رہا کہ میں اپنی آنکھوں کا درست استعمال نہ کرسکا مجھے ضرور تلاوت کرنی سیکھنی چاہیے تھی ۔ انشاء اللہ کل سے میں یہ کام شروع کروں گا انشاء الله ۔ دوسرا عمار مسعود بھائی جو میرے سکول فیلو بھی ہیں اور اچھے دوست بھی کہنے لگے جو عطیہ دیتے ہیں ہمیں ان کا احترام کرنا چاہیے اوران کو سہرانا چاہیے، میں پھر رونے لگ گیا۔ لوگوں کے ماں باپ اولاد کو جنم دیتے ہیں اور میرا نیا جنم اللہ کے فضل کے بعد میری بڑی بیٹی علیزے اظہر کے مرہون منت ہوا ہے جس نے اپنے جگر کا %70 مجھے عطیہ کرکے میری جان بچانے میں مدد کی اور اپنی جان کو خطرے میں ڈالا۔ میں اس کا اتنا احسان مند ہوں کہ جب بھی اس موضوع کی طرف آتا ہوں میری زبان ساتھ نہیں دیتی اور میں بولنے کی صلاحیت کھو دیتا ہوں۔ میں دنیا کے ہر موضوع پر با آسانی بول سکتا ہوں پر آج تک میں اپنی بہادر بیٹی کا شکریہ ادا نہیں کر سکا۔ اللہ تعالیٰ ایسی بیٹیاں سب والدین کو نصیب فرمائیں آمین۔ شکریہ عمار مسعود بھائی رہنمائی فرمانے کا۔ جگر کا ڈونر ہونا کافی صبر آزما کام ہے اور میری بیٹی بڑی بہادری سے اس سارے عمل سے گزری اور گزر رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کو صحت کاملہ عطا فرمائے آمین۔ دنیا اور آخرت کے سب امتحانوں میں کامیاب کرے آمین۔
میں احترام کرتا ہوں پاکستان ٹیلی ویژن کا جنہوں نے میرے علاج پر کثیر رقم خرچ کی اور میں اپنی ھمت سے زیادہ کام کرتا ہوں تاکہ ان کے اس احسان کا حق ادا کر سکوں۔ شکریہ پاکستان کڈنی لیور انسٹیٹیوٹ لاہور کا اور ان کے سارے سٹاف کا جنہوں نے اس کٹھن مرحلے کو ممکن بنایا۔ میں شکر گزار ہوں۔ اپنی بڑی بہن باجی امتیاز، وسیم بھائی، عظیم بھائی اور ان کی فیملیوں کا جنہوں نے مجھے لاہور میں پھولوں کی سیج پر رکھا۔ میں شکر گزار ہوں۔ اپنی بیگم سعدیہ اظہر صاحبہ اور بھائی محمد طارق حفیظ بھائی کا جو ہر لمحہ میرے ساتھ موجود تھے، شکریہ تنویر اصغر بھائی اور ان سب دوستوں کا جنہوں نے ہر لمحہ مجھے دعاؤں میں یاد رکھا۔ میرے لیے خون کا بندوبست کیا ایک دوسرے شہر میں 22 بوتلیں خون کی بندوبست کرنا ایک مشکل مرحلہ تھا پر لاھور لاھور اے 35 لوگوں کو واپس کیا۔ یار آپ سب کا دلی شکریہ۔ میں اور میری فیملی آپ سب کی دل سے ممنون ہے۔ میری بڑی بہن باجی اعجاز بیمار ہیں سب دوستوں سے دعا کی درخواست ہے اللہ تعالی صحت کاملہ عطا فرمائیں آمین اللہ تعالی صحت کے ساتھ ایمان والی زندگی عطا فرمائیں آمین ۔
جب میری امی جی کا آپریشن ہوا تو ہم تینوں بہن بھائی بہت چھوٹے تھے ہماری دیکھ بھال باجی اعجاز نے کی اللہ تعالیٰ اجر عظیم عطا فرمائے آمین اور جب میرا آپریشن تھا تو ہماری دیکھ بھال باجی امتیاز اور باجی اعجاز کی بیٹی باجی نیّر نے کی اللہ انکو اجرعظیم عطا فرمائے آمین ۔ مریض کی تیمار داری کرنا اور اسکو ہتھیلیوں پر اٹھا کر چلنا کوئی ان سب سے سیکھے۔ ابھی اچھے لوگ جہاں میں موجود ہیں جس طرح آج لوگ عطیات دے رہے تھے ان کا احترام لازم ہے ۔ یہ لوگ ہی یقین ہیں کہ اللہ کی رحمت ابھی بند نہیں ہوئی۔ اللہ ان سب کے لیے آسانیاں فرمائیں اور ان کے رزق میں اضافہ فرمائے۔ آمین
علیزے اظہر میری بیٹی میرے اس نئے جنم کیلئے جگر عطیہ کرنے کا شکریہ ۔