لاہور(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اتوار کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے صدر لاہور چیمبر آف کامرس میاں نعمان کبیر کی سربراہی میں ملاقات کی اور چیمبر کی طرف سے وزیراعظم کو سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی کے لئے ایک خطیر رقم کا چیک پیش کیا۔
وزیراعظم نے لاہور چیمبر آف کامرس کے ممبران و عہدیداران کے قومی جذبہ کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں قومی جذبہ کے ساتھ سیلاب زدگان کی مدد و بحالی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر ہی ہم دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج قوم کو پھر سے اسی جذبے کی ضرورت ہے جو2005 کے زلزلے اور 2010کے سیلاب کے امدادی کاروائیوں کے دوران دیکھنے میں آئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر طبقہ فکر کو اپنا اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے اور تاجر طبقہ اس سلسلے فعال کردار ادا کر سکتا ہے۔