صدرعارف علوی اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے (اتوار کو)ترکمانستان کا دورہ کریں گے


اسلام آباد(صباح نیوز)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اقتصادی تعاون تنظیم (ای۔سی۔او) کے اشک آباد میں منعقدہ پندھوریں اجلاس میں شرکت کے لئے 28 نومبر2021 کو ترکمانستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

اجلاس اشک آباد میں 28 نومبر کو ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر مملکت سربراہی اجلاس کے تمام شرکا،کے ( پلینری)سیشن سے خطاب کریں گے۔ ای۔سی۔او سربراہی اجلاس کے موقع پر صدرمملکت شریک دیگر رہنماوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے ۔

ترکمانستان کے صدر اقتصادی تعاون تنظیم  کے 15 ویں اجلاس کی صدارت کریں گے، پاکستان، ایران اور ترکی  اس اقتصادی تعاون تنظیم کے بانی ممالک ہیں جبکہ آذربائیجان، ترکمانستان، کرغیزستان، قازقستان اور افغانستان بھی اس تنظیم کے رکن ہیں۔سربراہی اجلاس کا موضوع مستقبل میں مل کر داخل ہونا رکھاگیا ہے۔ سربراہی اجلاس تنظیم کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے علاوہ اشک آباد اتفاق رائے برائے اقدام کی دستاویزکی منظوری دے گا۔

اجلاس میں اقتصادی تعاون تنظیم کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے علاوہ ای سی او ویژن 2025 کا وسط مدتی جائزہ بھی لیا جائے گا،ای۔سی۔او علاقائی معاشی تجارت اور ترقی کی تنظیم ہے جو 1985 میں قائم ہوئی تھی۔ پاکستان، ایران اور ترکی اس کے بانی ارکان ہیں۔

یہ تینوں ممالک قبل ازیں آر۔سی۔ڈی(علاقائی تعاون برائے ترقی)کے رکن تھے جو 1964 میں قائم ہوئی تھی۔1992 میں ای۔سی۔او کو وسعت دیتے ہوئے اس میں آزربائیجان، ترکمانستان، ازبکستان، تاجکستان، کرغستان اور قزاخستان کو بھی شامل کرلیاگیاتھا۔ دریں اثناافغانستان بھی اس کا رکن بن گیا۔ای۔سی۔او خطہ کی ہمسائیگی میں چین، یورپ، روس اور خلیجی ریاستیں واقع ہیں۔

یہ دنیا کی 6.3 فیصد آبادی پر مشتمل ہے اور دنیا کی تجارت میں اس کا 2 فیصد سے زائد حصہ ہے جو عالمی جی۔ڈی۔پی کا قریبا 3 فیصد ہے۔ یہ خطہ فوسل فیول (زیرزمین ایندھن) اور معدنی وسائل سے مالا مال ہے۔ خطے کے مابین تجارت 8 فیصد ہے جس میں یورپ، چین اور امریکہ تجارتی شراکت دار ہیں۔2017 میں پاکستان نے تیرھویں ای۔سی۔او سربراہی اجلاس کے اسلام آباد میں انعقاد کی میزبانی کی تھی جبکہ ای۔سی۔او کا چودھواں اجلاس ورچوئل طریقے سے منعقد ہوا تھا جس کی میزبانی ترکی نے کی تھی۔پندھوریں ای۔سی۔او سربراہی اجلاس کی سربراہی ترکمانستان کے صدر جناب گربان گلی بردی محمدوف کریں گے۔

ای۔سی۔او پروگرامز اور سرگرمیوں کے جائزے کے علاوہ سربراہی اجلاس ای۔سی۔او وژن برائے 2025 کا وسط مدتی جائزہ بھی لے گا۔ 2017 میں پاکستان میں منعقدہ تیرھویں سربراہی اجلاس میں وژن 2025 کی منظوری دی گئی تھی جوتنظیم کے مستقبل اوراس کی بحالی کے لئے مجموعی لائحہ عمل کی حیثیت رکھتا ہے جبکہ تجارت، خطے کو جوڑنے، توانائی، سیاحت، معاشی ترقی، سماجی بہبود اور ماحولیات کے شعبوں میں تعاون کے لئے رہنما اصول فراہم کرتا ہے۔