اکثر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر دوست احباب کا پیغام آتا کہ آپ فری ہیں متعدد دفعہ بتایا ہرگز بھی نہیں میں بہت مہنگا ہوں۔ پر ان کو سمجھ نہیں آتی آگے سے سوال آتا ہے جب فری ہوں توبتائیے گا۔ کئی تو انتظار کرتے دنیا سے رخصت ہوگئے اور ہم فری دستیاب نہیں ہوسکے۔ یہ پرانے جگر کی باتیں تھیں اب ایک میری بیٹی کا نایاب جگر اور اس پر تقریبا ایک کروڑ کا خرچہ اب کیسے بتاوں میں فری کیسے ہوسکتا ہوں۔ جس کے جگر کا خرچہ ہی کروڑ روپے ہے۔ اس لیے برائے مہربانی فری والے دوست رابطے سے گریز کریں شکریہ۔ 52 سال کی عمر میں جب کسی بھی فنکشن میں بلایا جاتا ہے تو ساتھ ایک حکم ہوتا ہے کیمرہ ساتھ لیتے آئیے گا ۔ جب ان کو بتاتا ہوں میں فنکشن کی فوٹوگرافی نہیں کرتا تو الحمدللہ دعوت نامہ بھی نہیں بھیجا جاتا۔ مجھے اب عادت ہوگئی ہے اس لیے کسی بھی فری کے فنکشن میں نہیں جاتا کیونکہ میرا وقت بہت قیمتی ہے۔ اکثر کسی جگہ فوٹوگرافی کیلئے بیٹھے ہوں توسادہ لوح بھائی پوچھنے آجاتے ہیں انکل فوٹو کتنے کا نکالیں گے مسکرانے کے علاوہ کوئی جواب نہیں دیتا اور کر بھی کیا سکتا ہوں۔ 1989 سے ہمیشہ پروفیشنل سیریز کے کیمرے خریدے پر کچھ دوستوں کے بچے جب ان سے کیمرہ خریدنے کو کہتے ہیں تو وہ ان کو دلاسہ دیتے ہیں خریدنے کی کیا ضرورت ہے تمھارے انکل سے لے لیں گے پھر مجھے فون آتا ہے یار کوئی فارغ کیمرہ لیتے آنا تمھارے بھتیجے کو ضرورت ہے۔ جی میرے پاس میری ضرورت کے کیمرے ہیں ۔ یار اپنے بھتیجے کا دل نہ توڑو دے دو کوئی ہلکا پھلکا فالتو کیمرہ۔ جی میں نے اس سے وعدہ کب کیا جو دل ٹوٹے گا۔ اب ہمارے درمیان فرق آگیا ہے جو میں اور تو ہوگئے ہیں۔ محترم آپ نے وعدہ کیا ہے آپ لے دیں۔ یار وہ تیری عزت کیسے کرے گا جب تو اس کے باپ کا مان توڑے گا۔ جی۔ مجھے ایسی عزت کی ضرورت نہیں ہے معاف کردیں۔ آپ کی دوستی کے بڑے بڑے دعوے کیے ہیں میں نے، ذلیل کروادیا ایک کیمرے کے پیچھے۔ یہ روزمرہ کی کہانیاں ہیں جن کو میں برداشت کرتا ہوں۔ پھر ایک اور طرح کے بیمار ہیں کیمرہ لینا ہے ساتھ چلو۔ جی میں کہہ دیتا ہوں وہ بہتر قیمت پر دے دیں گے میں مصروف ہوں۔ اچھا تمھاری مرضی۔ مجھے باون سال لگ گئے ناں سیکھتے ہوئے اور اب میں باآسانی سب کو نا کہہ دیتا ہوں اور سکون میں ہوں۔ کافی فری ہونے والے فری لوگوں سے جان چھوٹ گئی ہے۔ یاد رکھیں میں ایک عام سا مصروف انسان ہوں فری میرے پاس صرف خاموشی ہی ہے اور کچھ بھی تو نہیں۔ اگر کسی بھی فوٹوگرافر سے کام کروانا چاہتے ہیں تو،گھر سے پیسے لیکر آیا کریں ورنہ آنے سے گریز فرمائیں شکریہ۔ یار اس ویک اینڈ پر کیا کر رہا ہے جی مصروف ہوں اگر وقت ملے تو آجانا فیملی شوٹ ہی کردینا۔ جی بہتر پر شکر ہے آج تک وقت ہی نہیں ملا ۔ ہمارے ایک دوست حج پر جارہے تھے انھوں نے خود ہی فیصلہ کیا کہ میرا کیمرہ بھی حج کرنے جائے گا۔ مجھے فون آیا جناب مبارک ہو آپ کا بھائی حج پرجا رہا ہے۔ جی ماشاءاللہ بہت مبارک ہو۔ یار جو نیا کیمرہ لیا ہے وہ آج لیتے آنا ایک لینز اور دو تین بیٹریز کے ساتھ۔ جی اس کا کیا کرنا ہے اسکو بھی حج پر لیکر جانا ہے۔ اچھی اچھی تصاویر لاؤں گا۔ بھائی میرے لئے تو ایک منٹ کیلئے بھی کیمرہ دینا ممکن نہیں چالیس دن کیسے اور شاید آپ کو پتہ نہیں کیمرہ کافر ہوتا ہے اورکافروں کا داخلہ حرم میں منع ہے۔ جی محترم حج کرکے آئے اور ایک کھجور بھی نہیں کھلائی۔ پتہ نہیں یہ فیصلے بھی آسمان پر ہوتے ہیں یا پھر یہ لوگ خود ہی کر لیتے ہیں۔ کسی بھی فنکار سے اس کے آلات فن مانگنا بلکل ایسے ہی ہے جیسے کسی سے بچہ مانگ لینا۔ برائے مہربانی اذیت دینا بند کردیں۔ ہم نے ہمیشہ کیمرے خود خریدے ہیں ۔ بس پہلا کیمرہ ابا جی نے لے کر دیا تھا۔ اور میں ھرگز بھی آپ کا یا آپ کے بچوں کا اباجی نہیں ہوں۔ جو پہلا کیمرہ خرید کر دوں۔ ہر ماہ تھوڑے تھوڑے پیسے جمع کیجئے اور کچھ سالوں کی محنت سے کیمرہ خرید لیجئے۔ الله تعالی سوچنے سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے آمین اور اپنی اولاد کی خواہشات پوری کرنے کی بھی توفیق عطا فرمائیں آمین۔ میں آپ کیلئے دعا کر سکتا ہوں اور کرتا رہتا ہوں اس کے علاوہ سسٹم میں کوئی اور سہولت موجود نہیں۔ شکریہ۔