کراچی (صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان نے کراچی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی یونین رفاعی پلاٹس پر قبضے کے کیس میں سیکرٹری ہائوسنگ کو پلاٹس کی سے متعلق دستاویزات پیش کرنے کیلئے ایک ماہ کی مہلت دے دی ۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بہادر آباد، کراچی کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی یونین رفاعی پلاٹس پر قبضے کے کیس کی سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس گلزاراحمد نے کہا کہ ملک میں بیشتر بلیک اکانومی چل رہی ہے، کالا پیسہ زیادہ ہے اور معیشت ڈیڈ اسٹاک پر پہنچ چکی، اس دلدل میں دھنستے چلے جا رہے ہیں، کمرشلائزیشن سے انڈسٹریز بند ہوچکیں، یہ شہر رہنے کے لیے چھوڑا نہیں، سندھی مسلم سوسائٹی کا حال تو یہ ہے کوئی چل نہیں سکتا، ہر جگہ کو کمرشلائزڈ کردیا گیا، لوگوں نے انڈسٹریز ختم کرکے پیسہ زمینوں پر لگا دیا، کمرشلائزیشن سے انڈسٹریز بند ہوگئیں، منسٹری ورکس نے تمام سوسائٹیز کے لے آئوٹ پلان غائب کردیئے، ان تمام لے آؤٹ کو اب تبدیل کیا جا رہا ہے۔
چیف جسٹس گلزار احمدنے کہا کہ ہر کوئی زمین پر پیسے لگا کر کما رہا ہے، اکانومی گھر، مکان اور بلڈنگز پر تبدیل ہو چکی، ہر کونے پر مارکیٹیں، دوکانیں ہی دوکانیں بنا دی گئیں، دیکھتے ہی دیکھتے کراچی کا بیڑا غرق کردیا، وزرات ورکس نے تو ہل پارک بھی اٹھا کر بیچ دیا تھا۔ دو ماہ میں کثیر المنزلہ عمارت کھڑی کر دی جاتی ہے۔
جناح کوآپریٹو سوسائٹی کے جنید ماگڈا نے کہا کہ ہماری اراضی مکمل قانونی ہے۔
شہری امبر علی بھائی نے کہا کہ یہ تمام کی تمام پارک کی اراضی تھی، میرے پاس سوسائٹی کا ماسٹر پلان موجود ہے، 2005 کے بعد پلاٹنگ کردی گئی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ یہ پلاٹس کسی رہائشی یا کمرشل سرگرمیوں کیلئے استعمال نہیں ہوسکتے ، پارکوں اور پلے گراؤنڈز کیلئے مختص زمینیں کسی پرائیویٹ فرد کو الاٹ نہیں کیا جاسکتا ، وزارت ہاؤسنگ کے پاس بھی رفاہی پلاٹ کی حیثیت تبدیل کرنے کا اختیار نہیں ، رفاہی پلاٹوں پر رہائشی تعمیرات خلاف قانون ہے۔
عدالت نے سیکرٹری ہاؤسنگ اور جنید ماگڈا کو پلاٹس کی قانونی حیثیت سے متعلق دستاویزات پیش کرنے کیلئے ایک ماہ کی مہلت دے دی۔