روس، کوئلے کی کان میں آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 52 ہو گئی


ماسکو(صباح نیوز)روس کے علاقے سائبیریا میں کوئلے کی کان میں آتشزدگی سے ہلاکتوں کی تعداد 52تک پہنچ گئی ۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چھ امدادی کارکن بھی شامل ہیں، جنہیں مدد کے لیے کان کے اندر بھیجا گیا تھا

مقامی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ جب حادثہ پیش آیا اس وقت کان میں 285 کان کن موجود تھے۔ ریسکیو آپریشن میں 200 افراد کو بچالیا گیا۔

روس کے تفتیشی ادارے نے اس بارے میں چھان بین شروع کردی کہ حفاظتی تدابیر کیوں اختیار نہیں کی گئیں،جس کے باعث بڑی تعداد میں ہلاکتیں واقع ہوئیں۔

علاقائی تفتیشی کمیٹی نے کہا کہ تین منتظمین کو جن میں لستیانایا نامی کان کے سربراہ اور ان کے نائب شامل ہیں، صنعتی تحفظات کی تدابیر نہ اختیار کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ۔

یاد رہے 2016  میں روس کے شمال میں واقع کوئلے کی  کان میں دھماکوں سے 36 افراد ہلاک ہوئے تھے،  اس واقعہ کے بعد حکام نے ملک کی 58 کوئلے کی کانوں کا تفصیلی جائزہ لیا تھا، اور ان میں سے 20 یعنی 34 فی صد کو غیر محفوظ قرار دیا تھا۔