سوات (صباح نیوز) پاک فوج نے سوات میں بارشوں کے بعد سیلاب میں پھنسے 110 افراد کو ریسکیو کرلیا ، متاثرین میں راشن اور خیمے تقسیم کردیئے گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج نے سوات میں پھنسے 110 افراد کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کردیا، یہ افراد خوازہ خیلہ میں پھنسے ہوئے تھے انھیں کانجو کینٹ سوات منتقل کیا گیا ۔
جاری کردہ پیغام میں آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیلاب ریلوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے چار آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز بھیجے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ریسکیو کئے گئے افراد کو کھانا اور ضروری طبی امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کمراٹ کی پہاڑیوں پر پھنسے افراد کے ریسکیو کے لیے ہیلی کاپٹر جلد روانہ ہوں گے، ہیلی کاپٹر کانجوکینٹ سوات میں موسم بہتر ہونے کے منتظر ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ دیرسکائوٹس کی جانب سے فلڈ ریلیف سینٹر بھی قائم کردیا گیا ، دیرسکاوٹس کنٹرول رومز کے نمبربھی جاری کردیئے گئے ۔
ادھرسندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ کا ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر اور کشتیوں کی مدد سے قمبر، بکرانی، لاڑکانہ، سانگھڑ اور سکھر کے نواحی علاقوں میں محصور افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچایا دیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے راشن بھی تقسیم کیا گیا۔
پاک بحریہ کے ترجمان نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات کی مسلسل فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ پاک بحریہ مصیبت کے شکار ہم وطنوں کی بحالی تک امدادی آپریشن جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہے۔