حکومتی مذاکرات کا دعوی مسترد، پیٹرولیم ڈیلرز کا ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان


اسلام آباد /  کراچی(صباح نیوز) حکومت نے دعوی کیا ہے کہ پیٹرول بحران پر ڈیلرز ایسوسی ایشن سے خفیہ مذاکرات جاری ہیں جلد ہڑتال ختم ہوجائے گی دوسری جانب ایسوسی ایشن نے مذاکرات اور حکومتی رابطوں کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال کے معاملے میں حکومت کی جانب سے ڈیلرز کے کچھ نمائندوں سے خفیہ مذاکرات جاری ہیں جن میں حکومت نے پیٹرولیم ڈیلرز کو معاملات جلد حل کروانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ذرائع کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن کے حکام کا کہنا ہے کہ ڈیلرز کے جواب کا انتظار ہے امید ہے ہڑتال جلد ختم ہوجائے گی، پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے عہدے داروں سے مکمل رابطے میں ہیں، کوشش ہے کہ کچھ دیر میں پیش رفت سامنے آجائے گی، کچھ دیر پہلے بھی نمائندوں سے دوبارہ رابطہ ہوا ہے معاملے میں مثبت پیش رفت ہے۔دوسری جانب پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے رابطے اور مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے ملک بھر میں ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم سے کسی نے رابطہ نہیں کیا۔

سیکرٹری اطلاعات پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے تاحال مذاکرات کے لیے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، حکومت کی زبانی یقین دہانیوں پر مزید بھروسا کرنا ایک مذاق ہوگا، ملک بھر میں پیٹرول پمپس کی بندش مارجن میں اضافے تک جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سمری ارسال کرنے کا وعدہ 3 نومبر کو کیا گیا تھا، ایسوسی ایشن کی جانب سے 17 نومبر تک کا حکومت کو وقت دیا گیا، حکومت پیٹرول پمپس پر تیل کی فراہمی جاری رکھنے کا جھوٹا دعوی کر رہی ہے، ایسوسی ایشن میں شامل تمام پیٹرول پمپس پر تیل کی بندش ہے۔

اس حوالے سے پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما سمیر نجمل نے کراچی میں میڈیا کو بتایا ہے کہ پیٹرولیم ڈویژن نے فی لیٹر مارجن میں ایک روپے اضافے کی سفارش کی ہے لیکن ہم اسے مسترد کرتے ہیں، بلند پاور ٹیرف اور مہنگائی کے تناسب سے مارجن بڑھایا جائے۔

واضح رہے کہ فی لیٹر ڈیزل مارجن میں 75 پیسے کا اضافہ تجویز کیا گیا ہے جس سے فی لیٹر پیٹرول پر ڈیلر مارجن 3.90 سے بڑھ کر 4.90 روپے ہوجائے گا۔ودہولڈنگ منہا ہونے کے بعد فی لیٹر پیٹرول پر ڈیلر مارجن بڑھ کر 3.80 روپے ہوجائے گا، فی لیٹر ڈیزل پر ڈیلر مارجن بڑھ کر 3.20روپے ہوجائے گا، کراچی میں 37 لاکھ لیٹر پیٹرول اور 30 لاکھ لیٹر ڈیزل کی یومیہ کھپت ہے