راولپنڈی(صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کے لیے امداد کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ملک میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق اٹلی کے سیکرٹری جنرل ڈیفنس لیفٹننٹ جنرل لیوکیانوپورٹولیونونے جنرل ہیڈ کوارٹرز(جی ایچ کیو)کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی، افغانستان کی صورتحال سمیت علاقائی سکیورٹی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فوجی تعاون، تربیتی امور سمیت انسداد دہشتگردی میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کا اعتراف کیا، اٹلی کے سیکرٹری ڈیفنس نے افغان امن عمل، بارڈر مینجمنٹ، علاقائی استحکام میں بھی پاکستان کے کردار کو سراہا اوراٹلی کے سیکرٹری جنرل کا مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کے لیے امداد کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ملک میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے اور پاکستان علاقائی اور عالمی معاملات میں اٹلی کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے