سراج الحق کی دوحہ میں افغان وزیرپٹرولیم،مذکراتی ٹیم کے رکن ملا شہاب الدین دلاور سے ملاقات


دوحہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغانستان کے وزیرپٹرولیم اور مذکراتی ٹیم کے رکن ملا شہاب الدین دلاور سے ملاقات کی ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ طالبان کے دوحہ آفس میں ہونے والی ملاقات کے دوران ترجمان ڈاکٹر محمد نعیم اورجماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے۔

سراج الحق نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ افغانستان میں امن ہو اور ملک افغان عوام کی مرضی کے مطابق آگے بڑھے۔ انھوں نے کہا کہ ایسا افغانستان وجود میں آئے جس کی خاطر لاکھوں افغان عوام نے قربانیاں دیں ، صعوبتیں اور مشکلات برداشت کیں۔ امیر جماعت نے امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کا حل باہمی اتفاق و محبت میں ہے۔

انھوں نے کہا کہ افغانستان میں لاکھوں لوگوں کو خوراک کی ضرورت ہے اور وہ نامساعد حالات کی وجہ سے مشکل زندگی گزار رہے ہیں۔ جنگ زدہ ملک میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے بھی بہت زیادہ فنڈز کی ضرورت ہے جس کے لیے عالمی طاقتوں اور مسلمان ممالک کو خصوصی طور پر افغانستان کی مدد کرنی چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ مسلمان ممالک افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم کریں۔ اس موقع پر وزیر پٹرولیم ملا شہاب الدین نے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا۔امیر جماعت پانچ روزہ دورہ پر قطر میں ہیں جہاں ان کی مسلم دنیا کے نامور علما، تنظیموں اور اہم سماجی و سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔ سراج الحق 27نومبر کو پاکستان پہنچیں گے۔