شدید بارشیں ، کراچی ڈویژن میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات پھرملتوی


اسلام آباد(صباح نیوز) شدید بارشیں اور سیلاب کی صورتحال کے باعث الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں28اگست کو کراچی ڈویژن میں ہونے والے انتخابات پھر ملتوی کردیئے۔

اس سے قبل گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے حیدرآباد ڈویژن میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کو بھی بارش اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر ملتوی کردیا تھا۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق کراچی ڈویژن میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات بھی بارشوں کی وجہ سے ملتوی کئے گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹرسکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن میں اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا،

اجلاس میں کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے حوالہ سے صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اورضلعی انتظامیہ کی درخواستوں کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں حکومتوں نے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش کی تھی۔ شدید بارشوں اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر کراچی اور حیدرآباد ڈویژنز میں 28اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔

کراچی کے حوالے  سے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو چھ اداروں سے رپورٹ لینے کا کہا گیا تھا اور بدھ کے روز دن ایک بجے دوبارہ اجلاس ہوا جس میں سندھ میں دوسرے مرحلہ میں کراچی ڈویژن میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کردئے گئے۔ کراچی اور حیدرآباد ڈویژنز میں بلدیاتی انتخابات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔