نیب کو حکومت کا حامی کہنا ظالمانہ تنقید ہے،جاوید اقبال


لاہور(صباح نیوز) قومی احتساب بیورو( نیب) کے چیئرمین جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کو حکومت کا حامی کہنا ظالمانہ تنقید ہے، کچھ لوگ سیاست میں خود کو نیب کی بنیاد پر زندہ رکھتے ہیں، ان کی صبح نیب سے شروع اور شام نیب پر ختم ہوتی ہے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن نے ملک کو برباد کردیا، پاکستان میں لوٹی ہوئی دولت واپس دلانا بہت مشکل کام ہے، عوام کو چاہیے کہ سرمایہ کاری سے پہلے ہائوسنگ سوسائٹیوں کی تحقیق کرلیاکریں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے چارسالہ دورمیں پوری ایمانداری سے کام کیا ہے، چارسال میں1470ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائرکرائے، ریفرنسز کا فیصلہ کرنا احتساب عدالتوں کا کام ہے، ریفرنسز کا فیصلہ کرنا میرے اختیار میں ہوتا تو کبھی کبھی سالہاسال نہ لگتے، مجھے جتنا برا بھلا کہیں، الزام تراشی کریں، نیب نے جو جنگ شروع کی وہ جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ چند ہفتے قبل چائے کی پیالی میں طوفان اٹھا کہ نیب کی ریکوری کے پیسے کہاں جاتے ہیں، ریکوری کرنسی کی شکل میں نہیں ہوتی کہ آئیں آپ کو بلا کر کہیں بیٹھ کر نوٹ گنتے ہیں، نیب نے ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ ریکوری کے ایک ایک پیسے کا حساب رکھاہواہے، اربوں روپے کی زمینوں کا قبضہ چھڑایا گیا، گندم ریکور کی گئی، گوادرسے کھربوں روپے کی زمین ریکورکرائی، چائے کی پیالی میں طوفان لانے والے اپنے مقصدمیں کامیاب نہیں ہوسکے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ کچھ لوگ سیاست میں اپنے آپ کو نیب کی بنیاد پر زندہ رکھنا چاہتے ہیں، اور وہ نیب کی بنیاد پر زندہ ہیں، ان کی صبح نیب سے شروع اور شام نیب پر ختم ہوتی ہے، نیب کو متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، کیونکہ ہم نے ان سے پوچھا کہ آپ نے اربوں کھربوں کی منی لانڈرنگ کیوں کی، کچھ لوگ خواب میں بھی نہیں سوچ سکتے تھے کہ ان سے بلاکر منی ٹریل مانگی جائے گی کہ پاپڑ والا، گنڈیری والا اتنے امیر کیسے ہوگئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب کو حکومت کا حامی کہنا ظالمانہ تنقید ہے، نیب حکومت کے خلاف ایکشن نہیں لیتا یہ الزام لگانے والے بتائیں کہ انہوں نے ہمیں حکومت کے خلاف کتنی درخواستیں دیں، آج درخواست دیں 48 گھنٹے میں ایکشن لوں گا، کوئی مقدس گائے نہیں جو کرے گا وہ بھرے گا۔