بلوچستان میں بارش و سیلاب سے مزید 9افراد جاں بحق،مجموعی تعداد 216 ہو گئی


کوئٹہ(صباح نیوز)بلوچستان میں بارش اور سیلاب سے مزید 9افراد جاں بحق ہو گئے،جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 216 ہو گئی۔

پی ڈی ایم اے نے بارشوں سے ہونے والے نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔ پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں میں 5 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ہونے والی بارشوں اور سیلابی صورتحال سے 10 بچوں سمیت 12 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے اب تک جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 216 ہو گئی ہے۔

بارشوں کے دوران حادثات کا شکار ہو کر 93 افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال سے ہونے والے زخمیوں میں 52 مرد ،11 خواتین اور 30 بچے شامل ہیں۔ مجموعی طورپر 26 ہزار 567 مکانات منہدم اور جزوی نقصان پہنچا ہے۔